٧ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے جمعہ کے روز اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف آگاہی بڑھانے کے لیے فلم اسکریننگ اور مباحثے کا انعقاد کیا۔
تقریب کے دوران دکھائی گئی دستاویزی فلموں میں پاکستان میں صنفی بنیاد پر ہونے والے تشدد کے مختلف واقعات کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے بعد ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسانی حقوق کے کارکنوں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پینل ڈسکشن میں شرکت کرنے والی راشدہ دوہاد نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف “16 دن کی سرگرمیاں” پوری دنیا میں منائی جاتی ہیں، اور یہ پروگرام بھی اسی تسلسل کا حصہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مباحثہ خواتین کے مسائل اور ان کے حل کی تلاش کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
تقریب میں موجود ٹرانس جینڈر رائٹس ایکٹیویسٹ نایاب علی نے نشاندہی کی کہ قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے خواجہ سراؤں پر ہونے والے تشدد کے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔
معروف انسانی حقوق کی کارکن فرزانہ باری نے کہا کہ قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے ضروری ہے کہ ریاستی اداروں میں خواتین کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی وائس چیئرپرسن نسرین اظہر نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ متعلقہ حکام اکثر خود قانون سے ناواقف ہوتے ہیں۔
مباحثے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صنفی بنیاد پر تشدد کو روکنے کے لیے مضبوط قانون سازی اور اس پر مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ پروگرام کا مقصد صنفی تشدد کی روک تھام کے لیے آگاہی پھیلانا اور اس کے حل کے لیے تجاویز پیش کرنا تھا۔