٩ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پیر کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں کی اہم سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے متعدد درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اہم فیصلے اور ریمارکس دیے۔ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی جانب سے 26ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ ہونے تک فوجی عدالتوں کے مقدمے کی سماعت روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت نے ان پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے سخت الفاظ میں کہا کہ اگر عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کرتے تو یہاں سے چلے جائیں۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اگرآئینی ترمیم کالعدم قرار دی گئی تو اس کے تحت کیے گئے فیصلے بھی ختم ہو جائیں گے، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے وضاحت کی کہ عدالتی فیصلوں کو ہمیشہ تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
سماعت کے دوران حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کو روسٹرم پر بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا گزشتہ ڈیڑھ سال سے فوجی تحویل میں ہے، یا تو اسے سزا سنائی جائے یا جیل منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے سبب یرغمالی صورت حال سے دوچار ہیں۔ تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کر دی اور ان کے بیانات پر سرزنش کی۔ البتہ جسٹس جمال مندوخیل نے والدین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیرحراست تمام ملزمان کے والدین کا دکھ سمجھتے ہیں، لیکن قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت مخصوص کیٹیگری کے سویلینز کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ممکن ہے، خاص طور پر وہ سویلینز جو مسلح افواج کے ساتھ کام کرتے ہیں یا فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی اہلکاروں کے گھروں میں حساس دستاویزات موجود ہو سکتی ہیں، اور ان کے گھروں کو دفتر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے سوال اٹھایا کہ کیا کور کمانڈر کا گھر فوجی تنصیبات میں شمار ہوتا ہے؟ جس پر وکیل نے وضاحت دی کہ حساس دستاویزات کی موجودگی کے باعث ایسے گھروں کو دفتر قرار دیا جا سکتا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالتوں کی جانب سے ملزمان کو فوجی تحویل میں دینے کے عمل پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے پوچھا کہ کیا اس حوالے سے کوئی تحریری حکم موجود ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ وہ اس سوال کا ریکارڈ کا جائزہ لے کر جواب دیں گے۔
عدالت نے حکومت کی جانب سے فوجی عدالتوں کو مقدمات کا فیصلہ سنانے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کر دی اور قرار دیا کہ ایسا کرنا فوجی عدالتوں کے اختیار کو تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا۔ عدالت نے سماعت مؤخر کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔