۹ دسمبر ۲۰۲۴ 

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

بہاولپور کے علاقے حاصل پور میں گھریلو تنازع پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ 8 دسمبر کو پیش آیا جب ندیم اختر نامی شخص نے اپنی 30 سالہ بیوی پر تیز دھار چھری کے وار کیے اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق، مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ندیم اختر اور اس کی بیوی کے درمیان کافی عرصے سے جھگڑے چل رہے تھے۔ وقوعہ کے روز مقتولہ کے بھائی اور دو رشتے دار بہن کے گھر پہنچے تو اندر سے جھگڑے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ گھر میں داخل ہوتے ہی ملزم نے چھری اٹھا کر اپنی بیوی کی گردن اور سینے پر حملہ کیا۔ ملزم کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دھکے دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

واقعے کے بعد ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان نے سخت نوٹس لیا اور ایس ڈی پی او سرکل حاصل پور اور ایس ایچ او تھانہ سٹی حاصل پور کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس ٹیم اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ایس ایچ او تھانہ سٹی حاصل پور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم ندیم اختر کو گرفتار کر لیا۔

مقتولہ کے بھائی ارشد نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بہنوئی ندیم ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی تھا اور اس کے تین بچے تھے ۔ ندیم کا اپنا ذاتی گھر نہیں تھا اور وہ اپنے والدین کے گھر میں باقی بھائی بہنوں کے ساتھ رہتا تھا اور مشترکہ گھر ہونے کی وجہ سے وہاں اکثر لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا تھا ۔میں نے ایک ماہ قبل ہی ندیم کو بہالپور میں کرایہ پر گھر لے کر دیا تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  میں نے اس کی مالی مدد بھی کی ۔ جس دن یہ واقع پیش آیا اس سے ایک دن قبل بھی میں نے ندیم کو گھریلو خرچہ لیے بیس ہزار روپے دئیے ۔ لیکن پھر بھی اس نے یہ ظلم کیا۔ہماری اعلی حکام سے اںصاف کی اپیل ہے۔

ڈی پی او بہالپور اسد سرفراز خان کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اور اسے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here