۱۰ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لاہور کے آڈیٹوریم میں ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا موضوع “مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی پامالی” تھا، جس میں مختلف مذہبی اقلیتوں کے نمائندوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں شرکا کی بڑی تعداد موجود تھی، جس نے اقلیتوں کے حقوق پر ہونے والی بحث میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

پینل ڈسکشن کے دوران پینل کے ارکان نے پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی اور ان کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین نے ریاست کی جانب سے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی پر سوالات اٹھائے اور اقلیتوں کے لیے مساوی حقوق کے نفاذ پر زور دیا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان، پنجاب کے وائس چیئرمین راجہ اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا

“مینارٹیز کو پاکستان کا باعزت شہری سمجھنا اور انہیں عزت کے ساتھ رہنے کا حق دینا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔”

انسانی حقوق کی کارکن نبیلہ فیروز نے اس پروگرام میں توہین مذہب کے قوانین کے غلط استعمال پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا

“پاکستان میں کچھ منظم گروہ ان قوانین کا استعمال کرتے ہوئے جھوٹے مقدمات درج کرواتے ہیں اور بلیک میلنگ کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرتے ہیں، جس سے اقلیتیں سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔”

پینل کے شرکا نے بین الاقوامی انسانی حقوق کے حوالے سے بھی پروگرام میں بات کی گئی، جہاں شرکا نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس اعلامیے کے آرٹیکل 18 کے مطابق ہر انسان کو اپنے مذہب یا عقیدے کو اپنانے، اس پر عمل کرنے اور اسے تبدیل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

پینل کے شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی معاہدوں اور ملکی آئین کے تحت اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر انسانی حقوق کے فروغ کے لیے تعلیم اور شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ عوام میں مذہبی ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ دیا جا سکے۔ شرکا نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز نہ صرف مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ ان کے حل کی راہ بھی ہموار کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here