۱۱ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور ہائیکورٹ میں انٹرنیٹ اسپیڈ اور وی پی این پابندی کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس چوہدری محمد اقبال نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں انٹرنیٹ اسپیڈ بڑھانے اور ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) پر پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق پاکستان انٹرنیٹ اسپیڈ کے لحاظ سے دنیا میں 198 ویں نمبر پر ہے، جو نہایت کم ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستانی صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ درخواست گزار نے مزید کہا کہ اس رفتار کے باعث صارفین کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور روزمرہ کے معاملات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ انٹرنیٹ کی اسپیڈ کو بہتر بنانے اور وی پی این پر پابندی ختم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو حکم جاری کیا جائے۔

عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

انٹرنیٹ اسپیڈ اور وی پی این کی صورتحال

گزشتہ چند مہینوں سے پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث صارفین کو واٹس ایپ پر تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے، ویب سائٹس کھولنے، اور دیگر آن لائن سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملک میں وی پی این تک محدود رسائی بھی مشکلات پیدا کر رہی ہے، جبکہ ان کا استعمال محدود ویب سائٹس اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس تک رسائی کے لیے ضروری ہے۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار چیک کرنے والی کمپنی اوکلا کے اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اکتوبر 2024 میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ کے حوالے سے 111 ممالک میں سے 100 ویں نمبر پر اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ اسپیڈ کے لحاظ سے 158 ممالک میں سے 141 ویں نمبر پر رہا۔

ایک دوسرے سروے ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق پاکستان کی اوسط ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 7.85 ایم بی پی ایس رہی، جس میں موبائل ڈاؤن لوڈ کی اوسط رفتار 19.59 ایم بی پی ایس جبکہ براڈ بینڈ ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 15.52 ایم بی پی ایس تھی۔ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق پاکستان انٹرنیٹ اسپیڈ کے لحاظ سے دنیا میں 198 ویں نمبر پر ہے۔

سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش پر درخواست

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف بھی ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ صحافی شاکر اعوان نے اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ سوشل میڈیا ایپس معلومات تک رسائی اور آزادی اظہار رائے کے لیے اہم ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایکس سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپس پر پابندی کو ختم کیا جائے۔واضح رہے کہ پاکستان میں فروری 2024 سے ایکس کی سروس معطل ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here