١١ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

وفاقی حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے نظرثانی شدہ مسودہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو پیش کر دیا ہے۔

یہ پیش رفت جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور حکومت کی قانونی ٹیم کے درمیان ہونے والی مشاورت کے دوران سامنے آئی، جس کا مقصد مدارس کی رجسٹریشن کے بل پر جاری تعطل کو ختم کرنا ہے۔

جے یو آئی (ف) کو 2019 کے معاہدے کو قبول کرنے سمیت مختلف تجاویز دی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، حکومت نے مدارس کو وزارتِ تعلیم کے تحت رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ نئے قانون کے تحت مدارس کی رجسٹریشن ڈپٹی کمشنر دفاتر یا وزارت داخلہ کے ذریعے بھی ممکن ہوگی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ اس مجوزہ مسودے پر پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بریفنگ دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان پارٹی کی مرکزی کونسل اور مدارس کے نمائندگان سے مشاورت کے بعد اپنا موقف پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ 2024 کے سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) بل کی منظوری جے یو آئی (ف) کی 26ویں آئینی ترمیم کی حمایت کے لیے پیش کی گئی شرائط میں شامل تھی۔

پارلیمنٹ نے یہ بل منظور کر کے صدر آصف علی زرداری کو توثیق کے لیے بھیجا تھا، لیکن صدر نے بل کو اعتراضات کے ساتھ قومی اسمبلی کو واپس کر دیا تھا۔

بل کے مقاصد اور وجوہات کے بارے میں کہا گیا ہے کہ دینی مدارس مذہبی تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن ان کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے قانونی رجسٹریشن ضروری ہے۔ مناسب قانون سازی نہ ہونے کے باعث مدارس کی رجسٹریشن کے عمل میں کئی مسائل درپیش ہیں۔

دوسری جانب، جے یو آئی (ف) نے صدر کے اعتراضات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط لکھ کر سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل پر صدر کے اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یہ وہی بل ہے جس کے تحت پارلیمنٹ نے مدارس کی رجسٹریشن کی منظوری دی تھی۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جے یو آئی (ف) صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لینا چاہتی ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو ان اعتراضات کےحل کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر صدر نے بل پر دستخط نہ کیے تو احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔

پارلیمانی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اب یہ بل دوبارہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعے منظور کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد صدر کے دستخط کے بغیر بھی یہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔

مولانا فضل الرحمان کے پیش کردہ اس نئے بل کے تحت، متعدد کیمپس رکھنے والے مدارس کو صرف ایک ہی رجسٹریشن کی ضرورت ہوگی۔ ہر ادارے کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کی تفصیلات پر مشتمل سالانہ رپورٹ رجسٹرار کو فراہم کرنا ہوگی۔ مزید یہ کہ ہر مدرسے کو اپنے مالی حسابات کا آڈٹ کروا کر آڈٹ رپورٹ رجسٹرار کو جمع کرانا ہوگی۔

مدارس رجسٹریشن کا تاریخی پس منظر

تاریخ بتاتی ہے کہ مدارس کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی کوششوں کی تاریخ 1970 کی دہائی سے شروع ہوتی ہے، جب ایئر مارشل نور خان کی سربراہی میں ایک تعلیمی کمیشن نے مدارس میں جدید مضامین متعارف کروانے کی سفارش کی۔

1974 میں، ان سفارشات پر عمل نہ ہونے کے بعد، تمام پانچوں مدارس بورڈز کو یونیورسٹی گرانٹ کمیشن پاکستان نے تسلیم کر لیا۔ کمیشن نے مدارس کی اعلیٰ ترین ڈگری “شہادتِ عالیہ” کو ماسٹر آف آرٹس (ایم اے) کے مساوی قرار دیا تھا۔

تقریباً ہر حکومت نے اس حوالے سے ایک کمیشن تشکیل دیا، لیکن کوئی خاص کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ 1999 میں، محمود احمد غازی نے پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے قیام کی سفارش کی، جو 2001 میں قائم کیا گیا۔ اس بورڈ کا مقصد مدارس کو مرکزی دھارے میں لانا تھا، لیکن تمام پانچوں مدارس بورڈز نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔

مدارس کو مرکزی دھارے میں شامل کرنا قومی ایکشن پلان کا حصہ بنایا گیا، جو دسمبر 2014 میں پشاور آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد تیار کیا گیا تھا۔ جن میں مختلف کمیٹیاں، وزارت تعلیم، نیشنل اینٹی ٹیررازم اتھارٹی اور وزارت داخلہ شامل تھیں۔ کئی سفارشات تیار کی گئیں، لیکن حکومت کی تبدیلی کے بعد ان پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔

اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیم غلام قمر نے پیر کو ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2019 سے اب تک 18,600 مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ مدارس کو اساتذہ بھی فراہم کر رہے ہیں، اور اس سال 2,500 طلبہ کو تکنیکی تربیت بھی دی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here