تحریر: عصمت اللہ نیازی
لاہور
یوم انسانی حقوق کے اس سال کا موضوع دلچسپ تھا ، یعنی “ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل، ابھی اور اسی وقت” جو اقوام متحدہ کے مطابق عالمگیر مسائل پر قابو پانے کے اقدامات میں انسانی حقوق کی دائمی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ یہ امر قابل ستائش اور اہمیت کا حامل ہوگا جس ملک کے باسیوں کو یہ علم ہوگا کہ انکے خاص کر نوجوان طبقے کے حقوق ، مستقبل محفوظ ہیں اور انہیں آج ہی مل جائیں۔ کاش یہ موضوع آج ہی حقیقت میں بدل جائے۔ لیکن شاید ایسا ممکن نہ ہوگا۔
اقوام متحدہ کے مطابق تمام ممبر ممالک نے انسانی حقوق کے نو بنیادی معاہدوں اور نو اختیاری ضوابط میں سے کم از کم ایک کی منظوری دے رکھی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ممالک اور ریاستوں کی ذمہ داری اور فرض ہے کہ وہ انسانی حقوق کا احترام، تحفظ اور ان کی تکمیل کریں گے پاکستان میں انسانی حقوق کے تیس میں سے صرف اہم ترین کا جائزہ لیں تو مایوسی ہوتی ہے . ان کا ہم باری باری جائزہ لیتے ہیں۔
آزادی اظہاررائے اور سول سوسایٹی گروپوں پر حملے
اقوام متحدہ کی اس سال جنوری میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے میڈیا ، اور میڈیا سے وابستہ صحافیوں پر حملوں ان کے اغوا اور جھوٹے مقدمات نے نہ صرف خوف کا ماحول بنا رکھا ہے بلکہ میڈیا ادارے جن ریڈیو میں ٹی وی چینلز ، اخبارات ، اور ڈیجیٹل میڈیا اور سو شل میڈیا شامل ہے، قدغن اور شدید دباؤ کا شکار ہیں اور ان سے وابستہ صحافی اور ادارتی عملہ آزادانہ کام کرنے سے قاصر ہے . سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لئے انٹرنیٹ کی رفتار کو آہستگی کا شکار کرکے نہ صرف سوشل میڈیا تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ آن لائن فری لانس کام کرنے والے ہزاروں نوجوان متاثر ہورہے ہیں۔ ڈیجیٹل حقوق کے بارے میں 334 اداروں کے اتحاد نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کر دیا ہے کہ وہ عوام کی انٹرنیٹ کی رسائی میں روکاوٹیں اور پابندیاں فوری طور دور کرکے انٹرنیٹ کو بحال کرے ۔
شخصی آزادی محدود سے محدود تر ہوتی جارہی ہے بلکہ اجتماع اور پر امن احتجاج کے آئینی حق سے بھی عوام محروم ہیں۔ حال ہی میں اسلام آباد سے صحافی مطیع الله جان اور لاہور شاکر محمود اعوان کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے تحقیق اور سوال اٹھانے پر اٹھا لیا گیا . مطیع الله جان پر نشہ آور اشیا اور ہتھیار رکھنے کے ساتھ ساتھ ان پر دہشت گردی کے ایکٹ کے تحت بھی جھوٹے مقدمات بھی درج کر دئیے گئے۔ عمران خان پر جیل میں مقدمات چلائے جا رہے ہیں جبکہ علی وزیر ہو یا امان مزاری ظاہر اور بہت سے دوسرے سول سوسائٹی کے ممبران پر انسانی حقوق کے لئے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا اور مقدمات بنائے گئے جیلوں میں مہینوں ڈالا گیا. جبکہ ادریس خٹک کسی بھی ناکردہ گناہ کی سزا اڈیالہ جیل میں بدترین حالت میں بھگت رہے ہیں۔
مذہبی آزادی
ماضی کی حکومتیں ہوں یا آج کی مخلوط حکومت تمام کی تمام توہین رسالت کے کے قانون میں مناسب ترمیم کرنے میں ناکام رہی ہیں تاکہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو کو تحفظ فراہم کر کے انہیں توہین رسالت کے نام پر جھوٹے مقدمات اور زبردستی مذہب تبدیل کرنے کے لئے دباؤ سے بچایا جا سکے، ان میں کرسچین قادیانی اور ہندو کمیونٹیاں شدید دباؤ اور غیر انسانی سلوک کا شکار ہیں جن پر نہ صرف آئے دن حملے ہوتے رہتے ہیں بلکہ انہیں سر عام ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ 1990 سے لیکر 2023 تک 65 افراد توہین رسالت کے الزامات کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو چُکے ہیں . حد تو یہ کہ پنجاب میں کئی آبادیوں پر حملے کر کے انہیں جلا کر راکھ کر دیا گیا اور انتظامیہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ جبکہ سندھ میں کم عمر ہندو بچیاں اغوا کر کے انکا مذہب تبدیل کیا جانا اور جبری شادیاں کرانا عام ہے۔
لڑکیوں اور خواتین کے خلاف جرائم
ہیومن واچ کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال ایک ہزار خواتین اور نوجوان بچیاں غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں ، تاہم اصل اعداد شمار شاید اس سے بھی کہیں زیادہ ہوں کیونکہ کئی ایسے گھناؤنے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔ خواتین نہ صرف غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں بلکہ تیزاب پھینکنے، ریپ، گھریلو تشدد، اور کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے واقعات کا شکار ہوتی ہیں. معاملہ یہیں نہیں ختم ہو جاتا، بلکہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے مطابق پاکستان میں 1 کروڑ 90 لاکھ بچیاں اٹھارہ سال کی عمر سے پہلے ہی جبری شادی کا شکار اور 46 لاکھ لڑکیوں کی پندرہ سال کی عمر سے پہلے شادی کر دی جاتی ہیں جبکہ لاتعداد لڑکیاں خطرناک زچگیوں کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں. سوال یہ ہے کہ کیا ریاست اس پر خاموش تماشائی بنی رہ سکتی ہے ؟
بچوں کے حقوق
پاکستان میں بڑھتی ہوئی غربت کی وجہ سے بچے بدترین شکار ہیں اور انکا تعلیم کا حق ہو یا صحت کا یا پھر چائلڈ لیبر سے بچاؤ یہ سب ان مسائل میں شامل ہیں جو انہیں اس سال کے یوم انسانی حقوق کے موضوع ” ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل، ابھی اور اسی وقت” کے مطابق فوری طور پر ملنے چاہیں، لیکن حکومتوں اور ریاست کی ترجیحات میں شاید کل کے ان معماروں کے حقوق انکی ترجیحات میں شامل نہیں. 60 لاکھ بچے پرائمری سکول کی تعلیم سے اور اس سے بھی زیادہ 1 کروڑ 30 لاکھ بچے سیکنڈری سکولوں سے باہر ہو جاتے ہیں کیوں کہ انکے والدین انکی تعلیم کے اخراجات کے قابل نہیں ہوتے. ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ان میں بڑی تعداد بچیوں کی ہے کیوں کہ والدین کی اگر بچوں کی تعلیم کی سکت رکھتا ہے تو وہ لڑکوں کی تعلیم کو ترجیح دیتے ہیں۔
کئی بچے اور بچیاں گھروں میں ملازمت کے لئے بھیج دئیے جاتے ہیں جہاں وہ جسمانی تشدد اور جنسی ہراسگی کا شکار ہو جاتے ہیں، یہاں تک کہ اس جرم میں اعلی ترین افسران اور ججوں کے بیگمات بھی ملوث پائی گئیں .
جسمانی معذوری کا شکار افراد کے حقوق
معذور یا خصوصی افراد میں معلومات اور اپنے حقوق سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بنیادی حقوق سے محروم رہتے ہیں، لیکن ان کا اہم ترین مسلۂ عوامی مراکز، سرکاری دفاتر مارکیٹس اور دوسرے مراکز میں رسائی کا ہے تاکہ وہ اگر وہیل چئیر یا بیساکھیوں کا استعمال کرتے ہیں تو باآسانی بغیر کسی کی مدد کے گھوم پھر سکیں، لیکن لاہور کراچی پشاور کوئٹہ تو دور کی بات، اسلام آباد کا جدید شہر خصوصی افراد کی آزادانہ رسائی کے لئے بد ترین شہر ہے۔ . خصوصی افراد کے لئے ملازمت کا کوٹہ تو موجود ہے اس پر عمل در آمد میں شدید مشکلات ہیں ، سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ کسی حد تک نچلے گریڈز میں تو اس پر کسی حد تک عمل درآمد ہو جاتا ہے ، لیکن گریڈ 17 سے لیکر اوپر کے گریڈز میں ملازمتوں میں خصوصی افراد کو امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے. نجی شعبہ پر بھی خصوصی افراد کے ملازمتوں کے کوٹے کا اطلاق ہوتا ہے لیکن یہ اس پر عمل کرنے میں ناکام ہے۔ جیلوں میں قید قیدی ذہنی دباؤ کا شکار ہونے کی وجہ سے اگر علاج معالجے کی سہولتیں مانگیں تو انھیں تذلیل کا سامنہ کرنا پڑتا ہے اور علاج کی سہولتیں مہیا نہیں کی جاتیں.
دہشت گردی ، قانون کے نفاذ کے دواران تشدد
پاکستان میں 9/11کے بعد سے اب تک طالبان القاعدہ بی ایل اے اور دوسرے تشدد پسند گروپوں کی جانب سے حملوں میں نہ صرف سیکورٹی فورسز کا جانی نقصان ہورہا ہے بلکہ سویلین آبادیوں کو بعد ترین ہلاکتوں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے . گزشتہ سال صرف اگست کے مہینے میں 99 حملے ہوے جن میں لاتعداد ھلاکتی ہوئیں. فوجی تنصیبات تھانوں، اور ایمبولینس سمیت حساس عمارتوں پر پی ٹی آئ کے نو مئی 2023 کے حملوں میں عمران خان اور انکے ہزاروں سپورٹر اب تک گرفتار ہیں ان میں سے سو کے قریب پر فوجی عدالتوں میں مقدمات ہیں اور سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں کو 85 ملزمان کے فیصلے سنانے کی اجازت دی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق خصوصی عدالتوں کے فیصلے سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمے کے فیصلے سے مشروط ہوں گے . پی ٹی آئی کے ورکرز کو کمزور ترین مقدمات بنا کر گرفتار کیا گیا، ایک مقدمے میں اگر ضمانت ہو گئی تو نیا مقدمہ بنا کر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے فوجی عدالت میں مقدمات کو بنیادی حقوق ، شفافیت اور انصاف کی فراہمی کے طے شدہ طریقہ کار کے خلاف قرار دیا ہے
ہیومن رایٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق ٢٠١١ سے ٢٠٢٢ کے درمیان مسنگ پرسنز کے عالمی کمشن کو پاکستان سے ساڑھے آٹھ ہزار کے قریب جبری گمشدگیوں کی شکایات ملیں. جبری گمشدگیوں فوری حل طلب ہے کیوں کہ گمشدہ افراد کے لواحقین نہ صرف احتجاج کرتے نظر آتے ہیں بلکہ انہیں عدالتوں سے بھی انصاف نہیں مل رہا.
جنسی رجحان اور صنفی شناخت
مجھے 2021 میں ملک کے 10 اضلاع میں خصوصی افراد ، خواتین اور ٹرانس جینڈر کے سیاسی اور انتخابی حقوق کے حوالے سے مقامی این جی اوز کے عہدیداروں کو تربیت دینے کا موقع ملا . ٹرانسجندر جنھیں عرف عام میں “ہیجڑا”کہہ کر دھتکارا جاتا ہے، بد ترین امتیازی سلوک اور تشدد کا شکار رہتی ہیں۔ انکے حقائق پر مبنی اعداد شمار تک موجود نہیں کیوں کہ اب سے کچھ سال پہلے تک تو انکا شناختی کارڈ بننا بھی ممکن نہ تھا. گلگت کوئٹہ سوات لورلائی جیسے شہروں میں تو والدین ہی انہیں گھروں میں چھپا کر رکھتے ہیں . فیڈرل شریت کورٹ نے تو انکو شناخت اور حق جائیداد سے بھی غیر شرعی قرار دیکر محروم کر دیا ہے، لیکن کیا ایک جیتاجاگتا انسان جس میں کوئی بھی کمی ہو اسے شناخت یا حق جائیداد یا اپنی جسمانی ضرورت کے مطابق زندگی گزارنے کے حق سے محروم کیا جا سکتا ہے ؟ آج نہیں تو کل ان کو ہر قسم کا حق، قانون کے مطابق دینا ہو گا .
بات چوں کہ طویل ہو گئی ہے اور انسانی حقوق کا مضمون پاکستان جیسے ملک میں نہ ختم ہونے والا مضمون ہے، مندرجہ بالا عوامل کے علاوہ معاشی اور سماجی حقوق کی پامالی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا . 2022 کے بعد سے عوام 37 فیصد کے بدترین افراط زر کا شکار رہے جو اب کی حکومتی دعووں کے مطابق بہتری کی طرف گامزن ہے۔ لیکن عوام اور غربت کا شکار افراد پر اسکے اثرات دیر تک رہیں گے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کی کل آبادی میں سے 66 فیصد آبادی غربت کے باعث وٹامنز اور پروٹین سے بھرپور خوراک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتی اور بلوچستان اس حوالے سر فہرست ہے جہاں دیہی علاقوں میں 84 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 78 فیصد افراد غذائیت سے بھرپور خوراک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔.
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دن کے اعلامیہ کے مطابق انسانی حقوق ریاستوں کی جانب سے لوگوں کو نہیں دیے جاتے بلکہ ہر جگہ ہر فرد انسان ہونے کے ناطے ان حقوق کا مالک ہے۔ یہ حقوق نسل، صنف، قومیت یا اعتقادات سے ماورا ہیں اور تمام لوگوں کے لیے خلقی مساوات اور وقار کو یقینی بناتے ہیں۔
ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور ماں اپنے 25 کروڑ بچوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھے تو ریاست کا وجود خطرے میں رہے گا