۱۶ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور کے علاقے گجرپورہ میں گزشتہ روز مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں شوہر نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتولہ پانچ بچوں کی ماں تھی اور واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق، مقتولہ طوبیٰ کی شادی دس سال قبل عبدالرحمان نامی شخص سے ہوئی تھی۔ ان کے چار بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ مقتولہ کے والد محمد یوسف کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق، دو ماہ قبل میاں بیوی کے درمیان ناچاقی کے بعد بچے عبدالرحمان کے پاس رہنے لگے تھے۔ طوبیٰ نے عدالت میں پٹیشن دائر کی، جس کے بعد دونوں کے درمیان صلح ہو گئی اور وہ دوبارہ اپنے شوہر کے گھر آ گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق وہ اتوار کے روز اپنی بیٹی کو ملنے کے لیے رشتہ داروں کے ہمراہ داماد کے گھر پہنچے۔ جب وہ دروازے پر پہنچے تو اندر سے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ گھر میں داخل ہونے پر دیکھا کہ عبدالرحمان کے ہاتھ میں پستول تھا اور اس کے ساتھ اس کا بھائی احسان اور والدہ دلشاہ بھی موجود تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے عبدالرحمان نے طوبیٰ پر فائرنگ کر دی۔ محمد یوسف نے کہا کہ انہوں نے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن عبدالرحمان نے ان پر بھی پستول تان لیا۔ خوف کے باعث وہ پیچھے ہٹ گئے، اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

مقتولہ کے والد نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عبدالرحمان اکثر ان کی بیٹی پر تشدد کرتا تھا اور بات طلاق تک پہنچ چکی تھی، لیکن بچوں کی خاطر انہوں نے صلح کر لی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی سردیوں کی چھٹیوں کے دوران طوبیٰ کے بچے اپنی نانی کے گھر آنا چاہتے تھے، لیکن عبدالرحمان نے ان کو اجازت نہیں دی۔ اس بات پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد عبدالرحمان، اس کے بھائی اور والدہ نے مل کر طوبیٰ پر تشدد کیا اور پھر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ محمد یوسف نے کہا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے اور انہیں انصاف چاہیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، عبدالرحمان اور طوبیٰ کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here