۱۸ دسبر ۲۰۲۴

رپورٹ : رانا مالہی


اسلام آباد 

اسلام آباد میں بدھ کے روز نیشنل پریس کلب کے باہر صحافیوں نے فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے 150 صحافیوں، اینکرپرسنز اور ولاگرز کے خلاف درج مقدمات کے خلاف مظاہرہ کیا۔ یہ مقدمات پیکا ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ احتجاج میں صحافیوں، سول سوسائٹی اور وکلا کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ایف آئی اے نے چند روز قبل ان افراد پر الزام عائد کرتے ہوئے مقدمات درج کیے تھے کہ وہ 24 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرے کے دوران ریاست کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے تھے۔

احتجاج کے دوران صحافیوں نے آزادی صحافت کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگائے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ان مقدمات کو ختم کرے اور میڈیا کی آزادی کو یقینی بنائے تاکہ صحافی بغیر کسی دباؤ کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

سینئر صحافی ناصر زیدی نے احتجاج میں شامل ہو کر کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے پریس پابندیوں کا شکار رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کا مقصد صحافیوں کو دبانا اور ان کی آواز کو خاموش کرنا ہے، جو آزادی اظہار رائے کے اصولوں کے خلاف ہے۔

 سینئر صحافی اور ہیومن رائٹس کیمشن آف پاکستان کی شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے کہا کہ مقدمات کے متن میں  صحافیوں کے ٹوئٹر ہینڈلز شامل کیے گئے ہیں، وہ حیران ہیں کیونکہ پاکستان میں کئی ماہ سے ٹوئٹر بند ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو غیر منطقی قرار دیا اور اس صحافیوں کی آواز کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔

مقدمے میں نامزد صحافی ہرمیٹ سنگھ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انہوں نے احتجاج کی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کی اور صرف حقائق کو سامنے لایا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت کا مقصد سچائی کو پیش کرنا ہے، لیکن اس کے باوجود ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔

احتجاج میں شریک انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل بینا فراز نے کہا کہ صحافیوں سمیت تمام پیشہ ور افراد کو اپنا کام آزادانہ طور پر کرنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی جمہوری معاشروں کی بنیاد ہے اور اس پر قدغن لگانا ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔

مظاہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو صحافت کی آزادی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور وہ کسی بھی دباؤ کو تسلیم نہیں کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here