۱۸ دسبر ۲۰۲۴

رپورٹ : رانا مالہی


اسلام آباد 

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے قومی اسمبلی میں کہا کہ قومی سلامتی سب سے اولین ترجیح ہے، اور سائبر حملوں، ڈیٹا لیکج اور مخالف ریاستوں سے ڈیجیٹل حملوں کی روک تھام کے لیے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہی جب مختلف ارکان نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (ٹوئٹر) کی بندش پر تحفظات کا اظہار کیا۔

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے شکایت کی کہ انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہے کہ تصاویر بھی لوڈ نہیں ہو رہیں۔ آن لائن کاروبار رُک گئے ہیں، بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ ہمیں بتایا جائے کہ انٹرنیٹ کب مکمل رفتار پر چلے گا؟

جواب میں شزا فاطمہ نے کہا کہ ان کی وزارت صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، اور انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ محرم کے دوران مکمل انٹرنیٹ بند نہیں کیا گیا جیسا کہ پچھلی حکومتوں میں ہوتا تھا۔ پاکستان کی اوسط انٹرنیٹ رفتار گزشتہ سال کے مقابلے میں 28 فیصد بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔

جبکہ شزا فاطمہ نے اسمبلی کے فلور پر یہ بھی تسلیم کیا کہ بعض اوقات سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اور حکومت ڈیجیٹل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہماری ترجیح اپنے شہریوں اور ان کے ڈیٹا کا تحفظ ہے۔ ہم صارفین کی معلومات کی پرائیویسی اور حفاظت کے لیے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری کابینہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے وزارت آئی ٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم انٹرنیٹ رسائی محدود کرنے کا شوق نہیں رکھتے اور نہ ہی میرے پاس اسے بند کرنے کا کوئی بٹن ہے۔ سیکیورٹی خطرات کی صورت میں فیصلے براہ راست پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) کرتی ہے۔

جے یو آئی ف کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے حوالے سے بارہا سوالات کیے گئے لیکن حکومتی وزراء کی جانب سے دہشت گردی کے خطرات کا جواز پیش کر کے معاملے کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ فائروال لگا کر سب کچھ بند کر دیا جاتا ہے اور حکومت نئے قوانین لا رہی ہے، لیکن سروس پرووائڈر فور جی کے نام پر ٹو جی بھی فراہم نہیں کرتے اور حکومت ان سے کچھ نہیں پوچھتی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے بھی حکومت کی پالیسیز پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے تمام بلز صرف اپنے فائدے کے لیے ہیں اور عوامی مفادات کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا، پاکستان کے آئین نے انٹرنیٹ سمیت دیگر سہولیات عوام کو دی ہیں، لیکن حکومت آئین پر عمل کرنے میں ناکام ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انٹرنیٹ سے جڑے کاروبار کو کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ جبکہ حکومت کی فائروال انسٹال کرنے کی خبریں بھی پاکستان اور بین الاقوامی میڈیا میں گردش کرتی رہیں، جس میں مختلف اوقات میں دیکھا گیا کہ فائروال کی وجہ سے سماجی رابطہ کی اپلیکیشن واٹس ایپ سمیت دیگر ویب سائٹس پر صارفین کو رسائی بغیر وی پی این کے مشکل ہو رہی تھی۔ جبکہ پاکستان میں ٹویٹر یعنی کہ ایکس کئی ماہ سے مکمل طور پر بند ہے جس پر رسائی صرف وی پی این کے ذریعے کی جاتی ہے۔

ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کے مسائل ہونے کے باوجود بھی حکومت ایوانوں میں ڈیجیٹل بل لا رہی ہے، حالیہ ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے ڈیجیٹیل پاکستان بل 2024 پیش کیا، جس پر مختلف سیاسی جماعت کے رہنماؤں سمیت دیگر ڈیجیٹل رائٹس ایکٹیویسٹس نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here