۲۰ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

 جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی، جس میں درخواست گزار ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئیں جبکہ ان کے وکیل عمران شفیق اور سابق سینیٹر مشتاق عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے امریکہ میں سزا معافی کی درخواست کے بعد وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے دنیا بھر کے دوروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ عدالت نے کہا کہ ایسے معاملات کو ہمیشہ سفارتی سطح پر دیکھا جاتا ہے اور امریکہ ایک خودمختار ملک ہے، وہ کسی کا بھی ویزہ رد کر سکتا ہے، حتیٰ کہ وزیراعظم کا بھی۔ تاہم سفارتی سطح پر معاملات کو آگے بڑھانا ضروری ہوتا ہے۔

سماعت کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی وکیل مسٹر کلائیو سمتھ کا ڈیکلریشن عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے وزارت خارجہ کو اس ڈیکلریشن پر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی اور مسٹر کلائیو سمتھ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عدالت میں کہا کہ جب ایک ملک کا چیف ایگزیکٹو دوسرے ملک کے چیف ایگزیکٹو کو خط لکھے تو جواب آنا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن وزیراعظم پاکستان کی جانب سے امریکی صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط کا تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔ وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ امریکہ میں پاکستانی مشن نے وفد کی ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے انتظامات مکمل کیے تھے، لیکن وفد تاخیر سے پہنچا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ وفد کے تاخیر سے پہنچنے کے دوران پاکستانی سفیر کہاں تھے؟ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ یہ سفیر کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس معاملے کو دیکھتے اور امریکی انتظامیہ سے ملاقات کرتے۔

عدالت نے کہا کہ ملک کے ایگزیکٹو کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب نہ آنا سفارتی ناکامی ظاہر کرتا ہے۔ اس حوالے سے عدالت نے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے امریکہ سمیت دیگر دوروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ان تفصیلات کے طلب کیے جانے کے احکامات واپس لینے کی استدعا کی، لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here