تحریر: عصمت اللہ نیازی


لاہور

نومبر 2004 کی بات ہے کہ مجھے ٹیلی ویژن رپورٹنگ کی ایک منفرد ٹریننگ کے لئے بینکاک  بھیجا گیا جہاں ایشیا براڈکاسٹنگ یونین(اے بی یو) نے  “عالمی اتحاد برائے تحفظ فطرت (آئی یو سی این)  کی عالمی کانگریس کی سائیڈ لائنز پر  تربیت کا انتظام  کیا تھا. فطرت کے تحفظ یا موسمیاتی تبدیلیوں کا موضوع ہو اور وہاں پاکستان کا نام نہ آئے یہ ہو نہیں سکتا.کانگریس میں پاکستان کے پگلتے گلیشیرز, انڈس ریور ڈیلٹا. اور انڈس ڈولفن کو درپیش خطرات پر نہ صرف تحقیقی رپورٹس پیش کی گئیں بلکہ ان تینوں مسائل کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی  کیا گیا.

کوٹری بیراج کے بعد دریائے سندھ کے ڈیلٹا کو درپیش خطرات  پر میڈیا بریفنگ کے دوران میں بھی موجود تھا جس میں  بتایا گیا کہ اگر  پاکستان میں سمندر کی اوپر کی سطح، یعنی پنجاب میں  دریاؤں پر مزید ڈیم بنے یا بیراجوں سے نئی نہریں نکلیں تو نہ صرف سمندر کی سطح بلند ہو گی بلکہ ہزاروں میل پر پھیلے ڈیلٹا کے ایکو سسٹم، قدرتی حیات ، مینگروز کے جنگلات، آبی حیات اور اس سے وابستہ لوگوں کے روزگار کو شدید نقصانات ہونگے. صحافیوں کو  بریفنگ میں میں نے سوال کیا کہ کیا نیچے ڈیم اور نہریں بنا کر انسانوں کے لئے خوراک یعنی فصلیں اُگانا ضروری ہے  یا منگرووز کے جنگلات کو بچانا ؟ 

 آبی وسائل کے ماہرین کا کہنا تھا کہ اب اوپر یعنی شمالی علاقوں کے پہاڑوں پر مزید پانی نہیں ہے، اور جو ہے اسے بچانا ہو گا اور دریائے سندھ کے ڈیلٹا کا تحفظ اس لئے ضروری ہے کہ سمندر کو اوپر آنے سے روکا  سکے . واضع رہے کہ یہ نومبر 2004کی بات ہے. اندازہ کر لیں کہ آبی ماہرین آج کیا کہتے ہونگے؟ 

حکومت نے حال ہی میں چولستان کے صحرا کو سرسبز  بنانے کے لئے “چولستان نہر ” کے نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے اور اس پر کام جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک ناقابل عمل اور نقصان دہ منصوبہ ہوگا بلکہ بھارت کی “راجھستان نہر ” جو پاکستان کے ساتھ تھر کے پاس سرحد تک نکالی گئی ہے، کے منصوبے کی طرح ایک ناکام اور معیشت پر بوجھ منصوبہ ثابت ہوگا۔ اس سے دوسرے صوبوں کے علاوہ سندھ اور پنجاب میں تلخیاں مزید بڑھ جائیں گی. 

منصوبے کے اعلان کے ساتھ ہی نہ صرف سندھ کی حکومت کی طرف سے بلکہ اندروں سندھ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور غیر سیاسی تنظیموں کی طرف سے ‘چولستان نہر’ کی تعمیر کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی ہے. اورمطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نہر کی تعمیر کو فوری روکا جائے کیوں کہ اس سے  سندھ کی زرخیز زمینوں کو شدید نقصان پہنچے گا اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ بنجر ہو جائیں گی۔ صرف احتجاج ہی نہیں پاکستان پیپلز پارٹی جو موجودہ وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ہے اسکے نون لیگ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ 

 اگر ایک نظر چولستان نہر کے منصوبے پر ڈالیں تو لگتا یہی ہے کہ  منصوبہ ایک ناکام منصوبہ  ثابت ہوگا کیوں  کہ 231 ارب روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ  ستلج پر ہیڈ سلمانکی سے فورٹ عباس تک 176 کلو میٹر لمبی اس نہر کے ذریعہ 4120 کیوسک پانی پہنچایا جائے گا ، اب سوال یہ ہے کہ اوپر شمالی علاقوں میں گلیشئر جو موسمیاتی  تبدیلیوں کا بدترین شکار ہیں اور تیزی سے پگل رھے  ہیں، کیا اس صورتحال میں دریا میں سارا سال اتنا پانی موجود ہوگا کہ نئی نہر سے ریتلے علاقوں کو سیراب  کیا  سکے ؟

 

یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے چولستان نہر کہ لئے  صرف خریف کی فصل جو اپریل سے ستمبر کی دوران ہوتی ہے کے لئے پانی مہیا کرنے کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا ہے، جبکہ منصوبے کے لئے تجویز ہے کہ اس میں دونوں موسموں (خریف اور ربیع ) کی فصلوں کے لئے پانی موجود ہوگا. 

سندھ کا صوبہ دریائے سندھ کے  ٹیل پر ہے اور دریا کے اختتامی علاقوں اور نہروں میں  میں پانی کے بہاؤ میں کمی اور سست روی ہوتی ہیں اور کاشتکار  مشکلات میں رہتے ہیں- سندھ سے محمد خان ابڑو  کا کہنا ہے کہ نئے نہری منصوبوں کی وجہ سے ماحول پر مرتب ہونے والے اثرات بھی سنگین ہیں۔ جب پانی کا بہاؤ تبدیل ہوتا ہے تو مٹی کے کٹاؤ اور زمین کی زرخیزی ختم ہونے لگتی ہے۔ اس سے موسمیاتی تبدیلیوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف زراعت پر بلکہ پورے خطے کی آب و ہوا پر بھی ہوتے ہیں۔ یہ صورتحال سندھ کے لئے ایک بڑے چیلنج کی صورت اختیار کر رہی ہے-

ممتاز ہائڈرئیڈرولوجسٹ ڈاکٹر حسن  عباس نے حال ہی میں اپنے  ایک تجزئیے میں کہا ہے کہ حکومت ایک ایسے علاقے “صحرائے چولستان” میں نہر لیجانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جہاں اس سے پہلے کسی باشعور شخص نے کبھی نہر لیجانے کا سوچا ہی نہیں تھا-  انکا کہنا ہے کہ انگریز نے تکنیکی تحقیق اور انجینیرنگ کے اصولوں کے مطابق  یہاں نہری نظام بنایا ، لیکن ہم نے بغیر تحقیق کے چشمہ رائٹ  کنال بنائی ، جس میں بارہ سو کیوسک پانی چلنا تھا ، لیکن یہ مقدار کبھی 400 کیوسک سے آگے نہیں بڑھ سکی. 

کچھی کنال کی مثال میں انہوں نے کہا کہ یہ پہاڑی برساتی نالوں کی مخالف سمت میں بنائی گئی ہے، اور حالیہ بارشوں میں ان برساتی نالوں نے کچھی کنال، علاقے کے کاشتکاروں اور اُوچ پاور  پلانٹ کو بدترین نقصان پہنچایا اور پٹ فیڈر کو مٹی سے بھر دیا .  اب ہم غلط انجینیرنگ کر کے اُس جگہ نہر لے جا رہے ہیں جہاں نہر بنتی ہی نہیں ہے  کیوں کہ  وہ ریگستانی علاقہ نہر کے لئے انتہائی غیر موزوں ہے .  

قانون دان اور ایکٹویسٹ حسین بخش تھیبو کہتے ہیں کہ سندھ کا پانی کا مقدمہ بہت سادہ ہے- سندھ پنجاب کے 1945 کے دو طرفہ سمجھوتے کی شق 15  کے مطابق سندھ کا دریائے سندھ سے پانی پر آبپاشی کے لئے حق پہلے ہوگا جسے کوئی بھی ریاست یا صوبہ یا نیا قانون ختم نہیں کر سکتا کیونکہ دوسرے چار دریائوں سے پنجاب کو پانی ملتا ہے۔تاہم سندھ کے ساتھ پانی کی تقسیم اور فراہمی کے لئے مسلسل ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے پنجاب اور سندھ کے درمیان تقسیم سے پہلے کا یہ معاہدہ اتنا اہم ہے کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1960 کے انڈس واٹر ٹریٹی کی بنیاد بنا۔  

ماہرین کا کہنا ہے نئی نہروں کی تعمیر سے انڈس ڈیلٹا کو ایسے  ہی خطرات  لاحق ہیں جیسے  قزاقستان اور اُزبکستان میں “ایرل سی” جھیل  کے ساتھ ہوا، جو سوویت  یونین کی غلط پالیسیوں اور ناکام تجربات  کی وجہ سے آج نمک کا ڈھیر بن چکی ہے۔ کیونکہ روس نے دنیا کی چوتھی بڑی جھیل کے جنوب میں “امو دریا” اور مشرق میں “سئیر دریا” کا رخ موڑ کر صحرائی علاقوں میں پانی پہنچا کر کپاس کی کاشت کے لئے تیار کیا جو جھیل کے لئے تباہ کن ثابت ہوا اور جھیل خشک ہو کر صرف 10 فیصد رہ گئی۔ یہ دونوں دریا جھیل کو پانی کی فراہمی کا ذریعہ تھے جسے صحرا کو پانی فراہم کرنے کے لئے کاٹ دیا گیا۔ خشک جھیل جو اب نمک کا سمندر بن چُکی ہے،

 یہ نمک طوفانوں اور آندھیوں میں ملکر  دوسری آبادیوں کو تباہ کر رہا ہے۔  اس سے  اب تک 2کروڑ انسان متاثر ہو چکے ہیں اور گلے کے کینسر جیسے موذی مرض وہاں عام ہے۔ “ایرل سی” کی تباہی جو دنیا کے ریڈار پر تحقیق  کے لئے موجود ہے، ماہرین کے مطابق اگر اقدامات نہ کئے گئے تو انڈس ڈیلٹا کی صورتحال شاید “ایرل سی” سے بھی بڑی  تباہی کا سبب بنے۔ 

کیوں کہ یہاں پاکستان میں حکومتیں اسے تباہی نہیں سمجھ رہیں نہ مستقبل کی خوفناک بربادی کے لئے تیار ہیں۔ انڈس ڈیلٹا  بحر ہند پر بنگلہ دیش اور بھارت کے پاس سُندر بن کے بعد دوسرا بڑا  ڈیلٹا ہے اور ماہرین کے دعوے کے مطابق اسکی تباہی کے اثرات نہ صرف پورے بحر  ہند پر ہوں گے بلکہ انٹارٹکا تک جائیں گے کیوں کہ انڈس ڈیلٹا سے افزائش کے بعد سمندری حیات انٹارٹیکا تک جاتے ہیں اور تباہی کی صورت میں ڈیلٹا کی دوبارہ بحالی “ایرل سی”کی طرح  ناممکن ہوگی۔  شاید یہ تباہی قیامت سے پہلے قیامت ثابت ہو۔  

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here