۲۴ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

نشترمیڈیکل یونیورسٹی ملتان کی میڈیکل کی طالبہ کو مبینہ طور پر دو ملزمان نے یونیورسٹی کے گراونڈ سے 22 دسمبر کی رات کو گاڑی میں اغوا کیا۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرکے طالبہ کو بازیاب کروایا اور ملزمان کو گرفتار کیا۔ طالبہ کے اغوا میں ملوث عبدالرحمان نامی شخص نشتراسپتال میں وارڈ بوائے کے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ جب کہ دوسرا ملزم آوٹ سائیڈر ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ طالبہ کو زیادتی کی نیت سے اغوا کیا گیا۔

واقعہ کی ایف آئی آر ملتان کے تھانہ کینٹ میں درج کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق طالبہ یونیورسٹی سے اپنے ہاسٹل واپس جارہی تھی کہ عبد الکریم اور عبدالرحمن اسلحے کے روز پر طالبہ کو زنا کی نیت پر اغوا کر کہ اپنے ساتھ لےگئے ۔

ملتان پولیس کے ترجمان عبدالخالق چوہدری نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 22 دسمبر کی رات ساڑھے 9 بجے کے قریب پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ہاسٹل جاتے ہوئے ایک میڈیکل کی طالبہ کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے طالبہ کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ جس پر پولیس کی ٹیم نے ملزمان کو ٹریس کر کے واقعہ کے فوری بعد ہی گرفتار کر لیا اور مغویہ طالبہ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

دوسری جانب نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے واقعہ پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی سکیورٹی کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سکیورٹی سپروائزر کو معطل کردیا اور واقعے کے انکوائری کے لیے سینئر فیکلٹی ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جسے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here