۲۶ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

فیصل آباد کے نواحی علاقے مکوانہ میں بدھ کے روز خواجہ سرا کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت 32 سالہ انجلی کے نام سے ہوئی، جو چک 229 آر بی کی رہائشی تھیں۔ انجلی کی مسخ شدہ لاش مکوانہ بائی پاس کے قریب سڑک کنارے ملی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب شہریوں نے لاش دیکھ کر تھانہ صدر کو آگاہ کیا۔ مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کہ پولیس کارروائی کا آغاز کیا گیا تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں کیے جاسکے۔

ایف آئی آر کے مطابق انجلی 24 دسمبر کو اپنی والدہ کے ہمراہ کپڑے سلائی کروانے چشت نگر گئی تھیں۔ شام کے وقت گھر واپسی پر انجلی نے اپنی والدہ کو بتایا کہ وہ جوتے خریدنے جا رہی ہیں اور انہیں گھر جانے کا کہا تاہم، انجلی رات گئے تک واپس نہ آئیں۔ اگلے روز کشف کالونی میں ایک خالی پلاٹ سے انجلی کی لاش برآمد ہوئی، جو اینٹوں کے ڈھیر کے پیچھے پڑی تھی۔ ان کے گلے میں چادر بندھی ہوئی تھی، اور گردن پر تشدد کے نشانات واضح تھے۔

واقعے کی اطلاع پر ایس پی اقبال ٹاؤن عابد حسین ظفر، ایس ایچ او تھانہ صدر علی اکرام گورایہ اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچے۔ سی پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی کامران عادل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

پولیس حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

مقتولہ کے اہل خانہ نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here