۳۰ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
سماج تنظیم اور جرمن ایمبیسی نے لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں بچوں کو جنسی استحصال سے بچانے کے لیے آگاہی فراہم کرنے کے مقصد سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں سپر سوہنی اینیمیٹڈ سیریز بھی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ سیمینار کا مقصد بچوں کے حقوق کی حفاظت اور جنسی استحصال کے خلاف شعور اجاگر کرنا تھا۔
اس سیمینار میں اسکول کے بچوں، بچیوں کے علاوہ انسانی حقوق کے کارکنان، شہریوں اور مختلف سوشل ویلفیئر اداروں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سماج تنظیم کے ڈائریکٹر عمار عزیز نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماج تنظیم کا مقصد آرٹ کے ذریعے آزادیِ اظہار، صنفی مساوات اور بچوں کے حقوق کی حفاظت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا سیمینار اس لیے اہم تھا کیونکہ ہمارے معاشرے میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے حوالے سے کھل کر بات کرنا ضروری ہے، تاکہ اس موضوع پر موجود شرمندگی کا خاتمہ ہو سکے۔
سیمینار کے دوران ایک پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین نے پاکستان میں بچوں کے جنسی استحصال کے خاتمے کے لیے ممکنہ اقدامات پر گفتگو کی۔ پینل ڈسکشن کے بعد شرکاء کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے ایک سیشن بھی رکھا گیا، جس میں مختلف شرکاء نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق اپنے خیالات اور سوالات پیش کیے۔ سیمینار میں سپر سوہنی اینیمیٹڈ سیریز کی نمائش کی گئی، جس میں ایک تیرہ سالہ بچی سپر ہیرو کے طور پر بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی جرائم کے خلاف لڑتی ہے۔
سماج تنظیم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سحر مرزا نے وائس پی کے کو بتایا کہ سپر سوہنی سیریز کے ذریعے ہم بچوں کو جنسی استحصال کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے بھی مددگار ثابت ہو رہی ہے، تاکہ وہ اپنی حفاظت کے بارے میں آگاہ ہوں اور کسی بھی قسم کے جنسی استحصال کے بارے میں آواز اٹھا سکیں۔
ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نگہت داد نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کی بڑی وجہ والدین اور بچوں کا اس حوالے سے آگاہ نہ ہونا ہے، جس کی وجہ سے بچوں کو آن لائن خطرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
