٣٠ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے کارکنان کو فوجی عدالتوں سے دی گئی سزاؤں کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انصاف لائرز فورم کے صدر اور سینئر وکیل قاضی محمد انور کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وکلا اپنے کارکنان کی سزاؤں کو کالعدم قرار دینے کے لیے آنے والے چند دنوں میں اپیلیں دائر کریں گے ۔ انصاف لائرز فورم کے مطابق انہوں نے اپیلوں کی تیاری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا ہے، اور یہ اپیلیں جلد ہی پشاور ہائی کورٹ میں دائر کی جائیں گی۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخواہ کے رہنما ایڈووکیٹ علی زمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ شہریوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانا غیر قانونی ہے، کیونکہ ان کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس سازش سے آگاہ ہے جو پی ٹی آئی کے خلاف رچائی گئی۔ علی زمان نے کہا کہ ان غیر قانونی سزاؤں کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے اور اپیلیں جلد ہی پشاور ہائی کورٹ میں دائر کی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ انصاف فراہم کرے گی، سزا یافتہ افراد کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا موقع دے گی اور ان کی سزائیں کالعدم قرار دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار کیے گئے تمام رہنماؤں اور کارکنان کو وکلا کی جانب سے مفت قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ 26 دسمبر 2024 کو آئی ایس پی آر نے اپنی جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا تھا کہ 9 مئی کے سانحے میں ملوث مزید 60 مجرمان کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی جانب سے مختلف مدت کی قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مقدمات کی سماعت مکمل کی گئی، اور تمام مجرمان کو قانون کے تحت ان کے جرائم کی سزا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، مجرمان کو جناح ہاؤس، جی ایچ کیو، پنجاب رجمنٹ سینٹر، اور دیگر حساس مقامات پر حملوں میں ملوث پایا گیا۔ سزا پانے والوں میں حسان خان نیازی، میاں عباد فاروق، رئیس احمد، ارزم جنید، علی رضا، راجہ دانش، سید حسن شاہ، علی حسین، زاہد خان، سہراب خان، بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم، خرم لیاقت، ذاکر حسین، امین شاہ، فہیم ساجد، حمزہ شریف، محمد ارسلان، محمد عمیر، نعمان شاہ، اکرام اللہ، محمد احمد، پیرزادہ میاں محمد اسحق بھٹہ، محمد عبداللہ، امجد علی، محمد رحیم، احسان اللہ خان، منیب احمد، محمد علی، سمیع اللہ، میاں محمد اکرم عثمان، مدثر حفیظ، سجاد احمد، خضر حیات، محمد نواز، محمد بلال، محمد سلیمان، اسد اللہ درانی، اکرام اللہ، محمد فرخ، وقاص علی، امیر ذوہیب، فرہاد خان، عزت خان، اشعر بٹ، ثقلین حیدر، محمد سلمان، حامد علی، محمد وقاص، عزت گل، حیدر مجید، گروپ کیپٹن وقاص احمد محسن (ریٹائرڈ)، محمد الیاس، محمد ایاز، رئیس احمد، گوہر رحمان، نیک محمد، فہد عمران، سفیان ادریس، رحیم اللہ، اور خالد نواز شامل ہیں۔ ان تمام افراد کو 2 سے 10 سال قید بامشقت کی سزائیں دی گئی ہیں۔
اس سے قبل 21 دسمبر کو سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 25 مجرمان کو سزائیں دی گئی تھیں، جن میں جناح ہاؤس، جی ایچ کیو، پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان، پی اے ایف بیس میانوالی، اور دیگر تنصیبات پر حملے کرنے والے شامل ہیں۔ سزا یافتہ افراد میں جان محمد خان، محمد عمران محبوب، راجہ محمد احسان، رحمت اللہ، انور خان، محمد آفاق خان، داؤد خان، فہیم حیدر، زاہد خان، یاسر نواز، عبدالہادی، علی شان، عمر فاروق، بابر جمال، محمد حاشر خان، محمد عاشق خان، خرم شہزاد، محمد بلاول، سیعد عالم، لئیق احمد، علی افتخار، ضیا الرحمان، عدنان احمد، اور شاکر اللہ شامل ہیں۔ ان مجرمان کو 2 سے 10 سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے غیر معمولی ردعمل میں ملک بھر میں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا تھا۔
جبکہ رواں ماہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے مشروط طور پر فوجی عدالتوں کو اجازت دی تھی کہ وہ ان 85 شہریوں کے مقدمات کے محفوظ شدہ فیصلے سنائیں، جو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات میں زیر حراست ہیں۔