٤ جنوری ۲۰۲٥

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں متعدد اہم معاملات زیر بحث آئے، جن میں پیمرا کے اختیارات، قانون سازی، اپوزیشن کی تقاریر پر پابندی، اور مذہبی چینلز کے مسائل شامل تھے۔

اجلاس کے دوران پیمرا کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز پیمرا محمد طاہر نے بتایا کہ پیمرا ایکٹ 2002 میں بنایا گیا تھا، جس کے تحت نجی ٹی وی چینلز کو لائسنس جاری کیے گئے۔ ابتدائی قانون میں چینلز کے ملازمین کی تنخواہوں اور بقایا جات کے مسائل کا کوئی حل شامل نہیں تھا، تاہم حالیہ ترامیم کے بعد پیمرا اب قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔ اس کے باوجود، پیمرا کے شکایات سیل میں اہم عہدے دو سال سے خالی ہیں، جس پر اراکین نے تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے یقین دہانی کروائی کہ بھرتی کا عمل جاری ہے اور جلد مکمل ہوگا۔

مزید یہ کہ پیمرا کے تحت ملک میں 85 ٹی وی چینلز اور 35 غیر ملکی چینلز کو لینڈنگ رائٹس دیے گئے ہیں۔ 2019 میں سات نیوز چینلز کو لائسنس دیے گئے، جن کی بولی 28 کروڑ روپے تک پہنچی۔ تاہم، اجلاس میں انکشاف ہوا کہ کچھ مذہبی چینلز بغیر لائسنس کے چل رہے ہیں۔ پیمرا حکام نے عدالتوں میں مقدمات دائر کیے ہیں، لیکن مذہبی جماعتوں کی حمایت کے باعث فیصلوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔

اجلاس میں مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا گیا کہ 2023 میں ان مسائل کو قانون کا حصہ بنایا گیا ہے، اور اب تک 124 شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 45 زیر التوا ہیں۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تقاریر پر پابندی کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ اراکین نے سوال اٹھایا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر ہی کیوں کٹ کی جاتی ہیں؟ سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے وضاحت دی کہ یہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے۔ تاہم، اراکین نے زور دیا کہ اس مسئلے پر سخت کارروائی کی جائے اور آئندہ کسی بھی سیاسی رہنما کی تقریر یا تصویر روکنے کا عمل ختم کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی تصویر اور نام پر پابندی کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ سینیٹر پرویز رشید نے تجویز دی کہ پی ٹی آئی اس مسئلے کو مذاکرات کا حصہ بنائے تاکہ اسمبلی میں قانون سازی ممکن ہو۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین قائمہ کمیٹی علی ظفر نے تمام تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ کمیٹی اہم امور پر اپنی سفارشات جلد مرتب کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here