٨ جنوری ۲۰۲۴

رپورٹ :رانا مالہی


اسلام آباد

گزشتہ چند روز سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کو گھروں سے اٹھانے، ہراساں کرنے اور افغانستان واپس ڈی پورٹ کرنے کی خبریں مقامی اور بین الاقوامی میڈیا میں رپورٹ ہو رہی ہیں۔

اس حوالے سے افغانستان کے سفارتخانے نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں تقریباً 800 افغان شہریوں کو حکام نے حراست میں لیا ہے، جن میں بعض افراد اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر) کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

تاہم، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے منگل کو افغانستان کے سفارتی مشن کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے صرف غیر قانونی غیر ملکیوں کو قانون کے مطابق ملک بدر کیا ہے اور 800 افغان شہریوں کو حراست میں لینے کی بات درست نہیں۔

اسی مسئلے پر وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے ایک افغان شہری، شبیر، نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ گزشتہ تین سال سے اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے پاس ویزا اور تمام مکمل دستاویزات موجود ہیں۔ تاہم، گزشتہ کئی دنوں سے پولیس ان کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے اور گرفتاریاں کر رہی ہے۔ شبیر کے مطابق، ان کے محلے کی کئی فیملیز کو گرفتار کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ مختلف مقامات پر چھپنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ لوگوں پر تشدد کر کے دوسروں کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے، جو انسانی اصولوں کے خلاف ہے۔

شبیر نے مزید کہا کہ پولیس کے اس رویے کی وجہ سے ان کے بچے خوف زدہ ہو گئے ہیں اور اب پولیس کے نام سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے کو سنجیدگی سے لے۔

اسلام آباد میں مقیم انسانی حقوق کے کارکن اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنما، منصور محسود کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے اس رویے کی وجہ سے کئی افغان پناہ گزین خاندان اسلام آباد چھوڑ کر دوسرے شہروں میں منتقل ہو رہے ہیں، حالانکہ ان کے پاس ویزا سمیت تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں کے اندر گھس کر گرفتاریاں کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے 21 نومبر 2024 کو جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ نومبر 2023 سے اکتوبر 2024 تک، 757,008 غیر دستاویزی افغان شہریوں کو افغانستان واپس بھیجا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی کارکن بشری گوہر نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے ظلم و ستم سے بچنے کے لیے اپنا وطن چھوڑنے والے افغان خاندانوں کے خلاف اسلام آباد پولیس کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بوڑھوں، خواتین اور بچوں سمیت خاندانوں کو گھیرے میں لے کر بدترین حالات میں حراست میں لے لیا گیا۔ انہیں اہل خانہ اور وکلاء سے رابطہ نہیں کرایا جا رہا ہے، پناہ گزینوں کی جبری ملک بدری انسانی حقوق کے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔ سیاسی جماعتیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور UNHCR خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کے لیے قانونی فریم ورک کی عدم موجودگی نے پناہ گزینوں کو نشانہ بنانے اور ان کے استحصال کو راستہ دیا ہے۔ وہ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور غیر انسانی حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 1979 میں افغانستان پر سوویت حملے کے بعد چار ملین سے زیادہ افغان پناہ گزینوں کو پناہ دی تھی۔ ان افراد کو اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر) کے ذریعے رجسٹر کیا گیا اور انہیں پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز اور افغان سٹیزن کارڈز (اے سی سی) جاری کیے گئے تاکہ وہ قانونی طور پر رہ سکیں اور صحت، تعلیم، اور بینکنگ جیسی خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔

جبکہ 2021 میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد، جب بین الاقوامی افواج کا افغانستان سے انخلاء ہوا، افغان پناہ گزینوں کی ایک اور بڑی تعداد پاکستان آئی تھی۔ یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت کے مطابق یہ تعداد 6 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here