۱۱ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور الحمرا آرٹس کونسل میں جاری دو روزہ تھنک فیسٹ کے پہلے روز ’’پولرائزڈ ٹائمز میں سیاست‘‘ کے عنوان سے ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوا۔ اس سیشن میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر شریک ہوئے۔ سیشن کی میزبانی سینئر صحافی مہمل سرفراز نے کی۔

پینل ڈسکشن میں ملک کی سیاسی صورتحال، پولرائزیشن، اسٹیبلشمنٹ کے کردار اور جمہوری عمل پر گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اپنی جماعتوں کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے ایک دوسرے پر تنقید بھی کی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر: ’’ملک میں سیاسی عمل آگے نہیں بڑھ سکا‘‘

سابق سینیٹر اور سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست گزشتہ 76 سالوں سے ایک دائرے میں گھوم رہی ہے۔ سیاسی جماعتیں توڑنے اور بنانے کی روایت برقرار ہے اور ہر اپوزیشن جماعت اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ اپناتی ہے، لیکن اقتدار میں آکر اس بیانیے سے پیچھے ہٹ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ’’ ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگایا گیا، لیکن اقتدار میں آکر اسے ترک کر دیا گیا۔ موجودہ اپوزیشن بھی اسی طرح اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ اپنا رہی ہے، جو اقتدار میں آکر تبدیل ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تقریباً نصف آبادی دو وقت کی روٹی سے محروم ہے، جس کی بنیادی وجہ سیاست کا آگے نہ بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ طے نہیں ہوگا کہ ملک کو کون چلائے گا، تب تک ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے 2018 اور 2024 کے عام انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری جانتا ہے کہ یہ انتخابات کس طرح ’’مینج‘‘ کیے گئے۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاست میں مداخلت بند کرے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

بیرسٹر علی ظفر: ’’پاکستان میں پولرائزیشن گھروں تک پہنچ چکی‘‘

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ملک میں سیاسی تقسیم انتہائی شدت اختیار کر چکی ہے اور یہ تقسیم سیاست سے نکل کر گھروں تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں اس لیے شامل ہوئے کیونکہ وہ آزادی کی تحریک پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق، پاکستان کی تاریخ میں اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ مختلف اداروں میں مداخلت کی تاکہ جمہوریت مستحکم نہ ہو سکے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اس وقت کئی سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر حکومت چلا رہی ہیں اور عوام کو اپنی رائے کے اظہار کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے پولرائزیشن میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آزادی اور جمہوریت کا فقدان ہے اور یہی پولرائزیشن کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف بھی یہی ہے کہ آزادی کے لیے آواز اٹھائی جائے۔

بیرسٹر علی ظفر نے موجودہ حکومت کو ’’چوری شدہ مینڈیٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت اقتدار میں رہنے کے لیے ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مکمل سینسر شپ نافذ ہے اور عمران خان کا نام ٹی وی پر لینا بھی ممکن نہیں رہا۔

ملک احمد خان: ’’پی ٹی آئی کی سیاست ہی انتشار پر مبنی ہے‘‘

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پینل ڈسکشن میں حکومت پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو یہ سیاسی حق نہیں دے سکتے کہ وہ ان کے گھر کو آگ لگا دے۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کی سیاست کو دیکھ رہے ہیں، جو انتشار پر مبنی ہے۔ انہوں نے 2014 کے دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا بنیادی عنصر ہی پولرائزیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ اور حکومت پر الزامات لگانے سے پہلے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ جب انہیں موقع ملا تو انہوں نے کیا کردار ادا کیا تھا۔ملک احمد خان نے کہا کہ اگر کسی کو خود کو سچا ثابت کرنا ہے تو اسے اپنی غلطیوں کا بھی اعتراف کرنا ہوگا۔

پینل ڈسکشن میں تمام مقررین نے اپنی جماعتوں کے مؤقف کا دفاع کیا اور ایک دوسرے پر تنقید کی۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سیاسی جماعتوں کے دوہرے معیار کی نشاندہی کی، بیرسٹر علی ظفر نے اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت اور جمہوریت کے فقدان کو پولرائزیشن کی وجہ قرار دیا، جبکہ ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کی سیاست کو انتشار سے تعبیر کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here