۱۵ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

بدھ کے روز سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے۔

سماعت کے آغاز میں خواجہ حارث نے کہا کہ یہ معاملہ سویلینز کے ٹرائل کا نہیں بلکہ آرمی ایکٹ کے تحت جرم کے ٹرائل کا ہے۔ وزارت دفاع کے وکیل نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت جرم کا گٹھ جوڑ ہو تو ملٹری ٹرائل ہوگا، ملٹری کورٹ میں ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت جرم کا ہوتا ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے پوچھا کہ جرم کے گٹھ جوڑ کا کیا مطلب ہے؟

خواجہ حارث نے وضاحت کی کہ اگر کسی جرم کا آرمی ایکٹ سے تعلق ہو تو اسے گٹھ جوڑ کہا جائے گا۔

جسٹس مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ کیا گٹھ جوڑ کے ساتھ جرم کرنے والے کی نیت بھی دیکھی جائے گی؟

اس پر جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ملزم ملٹری ٹرائل میں نیت نہ ہونے کا دفاع کر سکتا ہے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ اگر جرم کا آرمی ایکٹ سے تعلق واضح ہو تو ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا۔

اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ نیب کا جائزہ ٹرائل کے دوران لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آرمی کے ساتھ واضح تعلق ثابت نہ ہو تو کیس پیچیدہ ہو جائے گا۔

خواجہ حارث نے زور دیا کہ جنگ اور دہشتگردی کے قوانین الگ ہیں اور ان کے اطلاق میں فرق ہے۔

دوران سماعت، اکیسویں ترمیم کا بھی ذکر ہوا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ یہ ترمیم مخصوص حالات کے تحت کی گئی تھی، جیسے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اس وقت آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ موجود تھے، پھر بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ممکن نہ ہوا۔

جسٹس مندوخیل نے استفسار کیا کہ اے پی ایس حملے کے وقت گٹھ جوڑ موجود تھا؟

خواجہ حارث نے اس حوالے سے کہا کہ گٹھ جوڑ موجود تھا، لیکن دہشتگردوں کے ٹرائل کے لیے آئینی ترمیم کرنا پڑی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے نشاندہی کی کہ آئینی ترمیم میں ملٹری کورٹ کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی تھی۔

عدالت نے پوچھا کہ دہشتگرد گروپ یا مذہب کے نام پر دہشتگردی کے واقعات کا ٹرائل کہاں ہوگا؟

خواجہ حارث نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت ایسے جرائم کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہوگا، چاہے آئینی ترمیم ہو یا نہ ہو۔

جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا کہ ملٹری ٹرائل کے لیے طریقہ کار کیا ہے؟ کیا مجرم کو اپنی مرضی کے وکیل اور ثبوت فراہم کرنے کی اجازت دی گئی؟ انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے بغیر بھی فوجی عدالتیں مخصوص جرائم کا ٹرائل کر سکتی ہیں۔

دوران سماعت، اکیسویں ترمیم کے دوران سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے کردار پر بات ہوئی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ رضا ربانی نے ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر آنسو بہائے تھے، اور ان کا یہ عمل تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ رضا ربانی ایک بااصول آدمی ہیں اور ان کے ووٹ دینے کے بعد ناراضگی کی وجہ ان کی اصول پسندی تھی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ عدالت نے صرف یہ دیکھنا ہے کہ آرمی ایکٹ کی متعلقہ شقیں آئین کے مطابق ہیں یا نہیں۔ اگر سپریم کورٹ آرمی ایکٹ کی شق 2 ون ڈی اور 2 ڈی ٹو کو آئین کے آرٹیکل 8 کی ذیلی شق 3 کے تحت درست قرار دے دے تو ملٹری کورٹس کے خلاف درخواستیں ناقابل سماعت ہو سکتی ہیں۔

خواجہ حارث نے کہا کہ 21 ویں ترمیم والے بینچ نے 2 ون ڈی ون شق کو تسلیم کیا تھا، اور یہ شق 1967 سے آرمی ایکٹ کا حصہ ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے مزید کہا کہ آرٹیکل 10 اے کے تحت فئیر ٹرائل ضروری ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ سزا کا تعین جرم کی نوعیت پر ہوگا اور فورم وہی ہوگا جہاں قانون کے مطابق معاملہ آتا ہے۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی اور وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here