۲۰ جنوری ۲۰۲۵
تحریر: شوکت کورائی
اسلام آباد
خواتین ہوم بیسڈ ورکرز اور دیگر مزدوروں کی جانب سے ٹھیکداری نظام کے خلاف بلند کیے گئے فلک شگاف نعروں نے کراچی کے گلی کوچوں میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا کر دیا۔ ان نعروں کے پس پردہ کہانی بیس سالہ سائمہ کی ہے، جو کراچی کی رہائشی ہیں اور ایک نجی کمپنی میں کانٹریکٹ پر ملازمت کرتی ہیں۔ کانٹریکٹ پر ہونے کی وجہ سے نہ صرف ان کی اجرت کم ہے بلکہ حکومت کی منظور کردہ پیکجز کے مطابق ان کو ادائیگی بھی نہیں کی جاتی۔ اوور ٹائم کے دوران کم اجرت اور دیگر بنیادی سہولیات سے بھی وہ محروم ہیں۔
نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن آف پاکستان اور ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ایک مشترکہ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی، جس میں اجرتوں کی کم ادائیگی، ٹھیکہ داری نظام، بین الاقوامی فیشن برانڈز کے جرائم، اداروں کی نج کاری اور ماحول و مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے مطالبات کو بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے اجاگر کیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتیں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر غیر قانونی ٹھیکہ داری نظام کو قانونی حیثیت دینے کی مزدور دشمن پالیسیاں بنا رہی ہیں، جو کہ آئی ایل او کنونشن 144 کی واضح خلاف ورزی ہے۔
ہوم بیسڈ خواتین ورکرز کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت انہیں نہ صرف بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے بلکہ سوشل سیکیورٹی جیسے حقوق بھی فراہم نہیں کیے جا رہے۔
نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری ناصر منصور نے ریلی کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ مزدور اب سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ٹھیکہ داری نظام کی ہر شکل کو جرم قرار دیا جائے اور اس کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔
ریلی میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ ہر مزدور کو مستقل ملازمت دی جائے، تحریری تقررنامہ جاری کیا جائے، سرکاری اعلان کے مطابق تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس کی ادائیگی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے۔
مزدور رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنائے اور بین الاقوامی لیبر قوانین کی پاسداری کرے تاکہ مزدور طبقہ بہتر زندگی گزار سکے۔