۲۱ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پاکستان بار کونسل (پی بی سی) نے 17 جنوری کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کو جعلی قرار دے کر لاتعلقی کا اظہار کرلیا۔ جعلی پریس ریلیز میں احتساب عدالت کے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔
پاکستان بار کونسل کے سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی بی سی کی جانب سے ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بار کونسل اپنی تمام تر سرکاری پریس ریلیزز کو میڈیا تک اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے پہنچاتی ہے اور انہیں فیس بک پیج اور ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ کیا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 17 جنوری 2025 کی پریس ریلیز، جسے پاکستان بار کونسل سے منسوب کیا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، لیکن یہ مکمل طور پر جعلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے تمام دعوے بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔

پاکستان بار کونسل کے جاری کردہ باضابطہ پریس ریلیز میں واضح طور پر کہا گیا ہے’’ پاکستان بار کونسل کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، نہ ہی اس حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری کیا گیا۔ یہ وضاحت ضروری ہے کہ پاکستان بار کونسل اپنی تمام تر سرکاری پریس ریلیزز کو میڈیا تک اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے پہنچاتی ہے اور انہیں فیس بک پیج اور ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ کیا جاتا ہے۔ لہٰذا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پریس ریلیز جعلی ہے اور اسے نظر انداز کیا جانا چاہیے۔ زید کہا گیا کہ پاکستان بار کونسل اس جعلی پریس ریلیز کے ماخذ کا مکمل طور پر جائزہ لے گی اور سوشل میڈیا پر اسے اپلوڈ کرنے کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرے گی۔‘‘
اس جعلی پریس ریلیز میں کہا کیا گیا تھا کہ’’ یہ فیصلہ عدالتی نظام کی شفافیت کو مزید مضبوط کرے گا۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے نے ثابت کیا کہ پاکستان میں قانون سب کے لیے برابر ہے۔اگرچہ فیصلہ سابق وزیراعظم کے خلاف ہے تاہم پاکستان بار کونسل قانونی عمل کی نگرانی کرے گی۔ نگرانی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کی جائے گی کہ کسی فریق کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔‘‘

اس جعلی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں قانون کا احترام کریں اور عوام کو اشتعال نہ دلائیں۔
اس حوالے سے پاکستان بار کونسل کے رکن ریاضت علی سحر نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی پریس ریلیز بنانے والے کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا اور اس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی افراد اس سازش میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔