۲۷ دسمبر ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن سے لاپتا ہونے والی لاہور بار ایسوسی ایشن کی لائف ممبر ایڈووکیٹ سائرہ اشفاق کی لاش حافظ آباد کی نہر سے برآمد کرلی گئی۔ مقتولہ 26 دسمبر سے لاپتا تھی۔
خاتون وکیل کی گمشدگی کا مقدمہ ان کی بہن عائشہ کی مدعیت میں تھانہ نواب ٹاؤن لاہور میں درج کیا گیا تھا، جس میں اغوا کی دفعہ 365 بی شامل کی گئی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق سائرہ اشفاق 26 دسمبر کو اپنے گھر سے لاپتا تھی۔ اہل خانہ اور دوستوں سے بھی رابطہ کیا گیا مگر کوئی سراغ نہ ملا۔ مقدمے میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ سائرہ کو نامعلوم افراد نے جنسی زیادتی کے لئے اغوا کیا۔
دوسری جانب، 14 جنوری کو حافظ آباد کے علاقے میں نہر سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جو بوری میں بند تھی۔ پولیس کے مطابق لاش پانی میں رہنے کے باعث سوجھ چکی تھی، جس کے باعث فوری شناخت ممکن نہ تھی۔ تاہم بعد ازاں تصدیق کے بعد گزشتہ روز معلوم ہوا کہ یہ لاش ایڈووکیٹ سائرہ اشفاق کی ہے۔ حافظ آباد کے تھانہ کالیکی منڈی میں پولیس کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں قتل اور شواہد مٹانے کی دفعات 302 اور 201 شامل کی گئیں۔
پولیس ذرائع کا وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ مقتولہ سائرہ کی کچھ عرصہ پہلے بلال نامی شخص سے پسند کی شادی ہوئی تھی، خاتون کے قتل کے الزام میں ان کے خاوند بلال اور اس کے ڈرائیور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔خاتون وکیل کے قتل کے شبے میں مقتولہ کے شوہر بلال اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے دونوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر شوہر نے گھریلو تنازعات کے باعث ایڈووکیٹ سائرہ کو قتل کیا اور ڈرائیور کے ساتھ مل کر لاش کو بوری میں بند کرکے حافظ آباد کی نہر میں پھینک دیا۔

لاہور بار ایسوسی ایشن نے لاہور بار کی لائف ممبر سائرہ اشفاق کے اغوا اور قتل کے خلاف مذمتی پریس ریلیز کاری کی ۔بیان میں ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ لاہور بار خود اس کیس کی پیروی کریں گی ۔ پریس ریلیز میں آئی جی پنجاب کو وکلا کو پروٹیکشن دینے کا مطالبہ کیا گیا۔