٣١ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت سات رکنی لارجر بینچ نے کی، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں۔

سماعت کے دوران سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کے وکیل، خواجہ احمد حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 8(3) اے کے تحت اگر میرے کیس میں کوئی رعایت لی جاتی ہے، تو بنیادی حقوق کا کوئی تصور باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عام سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل نہیں ہو سکتا اور انہوں نے پورے آرمی ایکٹ کو چیلنج نہیں کیا بلکہ صرف اس کے سویلینز پر اطلاق کو عدالت کے سامنے پیش کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس منیب اختر نے بھی اپنے فیصلے میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ اس پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ “گزشتہ روز ہمیں قائل کیا گیا تھا کہ ملٹری ٹرائل ایک فئیر ٹرائل ہوتا ہے۔”

جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا آرمی ایکٹ کی شق 2(1) ڈی ون کے تحت سویلینز کو فوجی قوانین کے تحت لایا جا سکتا ہے؟ اس پر خواجہ احمد حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ “نو مئی اور سولہ دسمبر کے سویلین ملزمان میں فرق ہے۔ 16 دسمبر کے واقعات میں دہشتگردی کے سنگین جرائم شامل تھے، جس کی وجہ سے بعد میں قانون میں ترمیم کرنا پڑی تاکہ ان کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چل سکیں۔”

جسٹس مسرت ہلالی نے سوال اٹھایا کہ “سویلین عدالتوں پر ہمارا اعتبار کیوں نہیں ہے؟ وہ بھی تو قانون کے تحت ہی بنی ہیں۔” اس پر خواجہ احمد حسین نے جواب دیا کہ “جو خود متاثر ہو، وہ شفاف ٹرائل کیسے دے سکتا ہے؟”

عدالت نے دوران سماعت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا بھی حوالہ دیا۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا، “ہمارے سامنے کلبھوشن یادیو کی مثال موجود ہے، جہاں صرف افواجِ پاکستان ہی متاثرہ فریق نہیں تھیں۔ اگر ہم آرمی ایکٹ کی شق 2(1) ڈی ون کو کالعدم قرار دے دیں تو پھر مستقبل میں کسی بھی ملک دشمن جاسوس کا ملٹری ٹرائل نہیں ہو سکے گا۔”

اس پر خواجہ احمد حسین نے موقف اپنایا کہ “ایسے کیسز کا ٹرائل انسدادِ دہشتگردی عدالتوں میں ہونا چاہیے۔” جسٹس حسن اظہر رضوی نے مسکراتے ہوئے کہا، “اچھا جی، تو پھر آپ کہہ رہے ہیں کہ آئندہ جاسوسوں کو بھی انسداد دہشتگردی عدالت میں ٹرائل دیا جائے؟”

دوران سماعت 9 مئی کے واقعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ خواجہ احمد حسین نے عدالت کو بتایا کہ “آئی ایس پی آر نے 9 مئی کے واقعات پر 15 مئی کو ایک اعلامیہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا کہ اس واقعے پر پورے ادارے میں دکھ اور غم پایا جاتا ہے اور ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کور کمانڈرز کے اجلاس کے بعد ملٹری ٹرائل میں فئیر ٹرائل کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟”

عدالت نے ان سے دریافت کیا کہ “کیا آپ کو اس اعلامیے پر کوئی اعتراض ہے؟” جس پر وکیل نے جواب دیا، “مجھے اعلامیے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن یہ ثابت کرتا ہے کہ فوج پہلے ہی ایک مؤقف اختیار کر چکی تھی، جو ٹرائل پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔”

خواجہ احمد حسین نے مزید کہا کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں پسند کے وکیل کی اجازت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا، “ملزم کو وکیل آرمی چیف کی اجازت سے ملتا ہے، اور اگر آرمی چیف اجازت نہ دیں تو ملزم اپنی مرضی کا وکیل نہیں رکھ سکتا۔”

اس پر جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا، “کیا آپ ان ملزمان کا مقدمہ یہاں پر لڑ رہے ہیں جو عدالت کے سامنے موجود نہیں؟”

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا، “ایف بی علی کیس میں بھی قانونی شقوں کو برقرار رکھا گیا تھا، اور کئی عدالتوں میں اس کی توثیق کی جا چکی ہے۔”

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ “دہشتگردی روکنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اور ان کا کام ہے کہ شواہد اکٹھے کرے۔ اگر عدالت کے سامنے شواہد نہیں ہوں گے، تو ہم فیصلے کیسے دیں گے؟ پھر یہی کہا جائے گا کہ عدلیہ 130 ویں نمبر پر ہے۔”

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ “یہاں کوئی گواہی دینے نہیں آتا، اور قتل کیس میں پچیس پچیس تاریخیں لے کر مقدمات ملتوی ہوتے رہتے ہیں۔”

جسٹس جمال خان مندوخیل نے مزید کہا کہ “21 ویں آئینی ترمیم چار سال کے لیے ہوئی تھی، جس کے تحت فوجی عدالتیں بنائی گئیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا 21 ویں ترمیم کا کوئی فائدہ ہوا؟”

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی، جبکہ درخواست گزار کے وکیل خواجہ احمد حسین نے اپنے دلائل جاری رکھنے کی اجازت طلب کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس کے تمام قانونی نکات کو تفصیل سے سنا جائے گا تاکہ ایک آئینی اور قانونی حل نکالا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here