۱۰ فروری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد 

اسلام آباد میں وکلا کی جانب سے نئے ججز کی تقرری اور جوڈیشل کمیشن کے طے شدہ اجلاس کو موخر نہ کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر دارالحکومت میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی، اور سپریم کورٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے ریڈ زون کے بیشتر داخلی راستے بند کر دیے، جبکہ سپریم کورٹ جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رکھا گیا۔ مختلف شہروں سے آئے وکلا اور پولیس کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں، جس سے ماحول کشیدہ رہا۔

وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر وکیل شعیب شاہین نے حکومت اور انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کے آئینی حقِ احتجاج کو دبانے کے لیے سپریم کورٹ کو پولیس حصار میں لے لیا گیا ہے, یہ ریاست ایک پولیس اسٹیٹ بن چکی ہے۔ وکلا کا احتجاج روکنے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے حوالے سے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے باضابطہ طور پر خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئے ججز کی سینیارٹی کا تعین نہیں ہوتا، اجلاس کو موخر کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ججز کی تقرری کے حوالے سے مختلف بارز ہمارے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں، تاہم چند بارز اس کی مخالفت بھی کر رہی ہیں۔

اسلام آباد میں ہونے والے اس احتجاج میں وکلا کی شرکت توقع سے کم رہی، جس کی وجہ بارز میں پیدا ہونے والی تقسیم کو قرار دیا جا رہا ہے۔ بعض وکلا تنظیموں نے اس احتجاج سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، جس کا اثر مظاہرے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد پر بھی پڑا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکلا ایکشن کمیٹی کے ارکان نے 26ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور ججز کی تقرری کے موجودہ طریقہ کار پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ کورٹ پیکنگ ہرگز منظور نہیں ہے۔

چند روز قبل اسلام آباد کے وکلا نے جوڈیشل تقرریوں کے خلاف وکلا کنونشن منعقد کیا تھا، جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان سے ججز کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں شاہراہ دستور پر 10 فروری کو احتجاج کی کال دی گئی تھی۔

دوسری جانب، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد نے آج ہونے والے احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہونا شروع ہو گئے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here