۱۴ فروری ۲۰۲۵

 تحریر: عصمت اللہ نیازی


 پاکستان میں پارلیمان کی خود مختاری پر ہمیشہ سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ وہ چاہے جمہوری دور کی پارلیمنٹ ہو یا پھر فوجی آمریت والے دور اور ہائبرڈ نظام کی پارلیمنٹ اس میں عوامی فلاح سے ذیادہ اشرافیہ کی فلاح کے لئے قانونی سازی کو ہمیشہ فوقیت ملی۔  

لیکن گزشتہ 6 سالوں میں تو پارلیمنٹ نے جس قسم کی اور جس انداز میں قانون سازی کی اس نے خود ثابت کیا کہ پارلیمنٹ یا تو خفیہ اشاروں پر کوئی بھی قانون آئین کی روح کو یکسر نظر انداز کر کے چند لمحوں میں منظور کر سکتی ہے یا پھر  ایسے قانون کو منظور کرنے میں دیر نہیں لگاتی جس میں اراکین اسمبلی یا سینیٹ کے ممبران کے اپنے مفادات ہوں، مثلا حال ہی میں منتخب ارکان کی تنخواہوں میں دوگنے سے ذیادہ اضافہ، اس حوالے سے بل کی منظوری چٹ منگنی پٹ بیاہ والی مثال کی طرح ہوئی۔ قومی اسمبلی نے پرائیویٹ ممبرز ڈے پر ایک بل کے تحت ٹیکس کٹوتیوں کے بعد اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار کر دی گئی۔ تنخواہوں میں اضافہ کی وجہ مہنگائی بتائی گئی، لیکن حکومت  وقت آجکل  بار بار  یہ کہتی نظر آتی ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہو گئی ہے۔

ججوں کی تعیناتی، تقرری، یا چیف جسٹس آف پاکستان کے اختیارات اور آئینی  بینچ کی تشکیل کے 26 ویں آئینی ترمیم کا بل ہو یا فوج کے سربراہوں کی مدت ملازمت میں اضافہ کا بل یہ سب قوانین جس انداز میں منظور ہوے اس پر سوالات اور احتجاج ابھی چل ہی رہے تھے کہ حکومت نے  پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) 2025 میں ترمیم کا بل بھی جلد بازی میں منظور کر لیا  تاکہ میڈیا اور سوشل میڈیا کے جن کو قابو میں لایا جا سکے۔                      

ملک میں جہاں جج وکلا اور سول سوسایٹی ابھی 26 ویں آئنی ترمیم اور دوسرے قوانین پر سراپا احتجاج تھے وہاں اب پورے ملک میں صحافی تنظیمیں سڑکوں پر پیکا کے قانون کے خلاف احتجاج کرتی نظر آتی ہیں۔  

اس قانون میں جو نوں لیگ کے گزشتہ دور میں نواز شریف کی وزارت اعظمیٰ کے دور میں 2016 میں منظور کیا گیا تھا اور اس میں 2022 میں عمران خان  کی وزارت اعظمیٰ کے دوران مزید ترامیم کی گیں اور اب 2025 میں اس میں مزید ترامیم کر کے ” فیک نیوز” اور “فالز نیوز” یعنی غلط خبر جیسی مبہم اصطلاحات اور ان پر  بھاری جرمانے اور دس سال تک کی سزا کی شقیں ڈال  کر بدترین آمروں جنرل ایوب، جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کی یاد دلا دی۔  

معروف صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار  ناصر زیدی جنھیں جنرل ضیاء الحق کے مارشل کے دور میں کوڑوں کی سزا دی گئی، انہوں نے  پیکا 2025 کو تاریخ کا بدترین قانون قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں شخصی آزادی ختم  کر دی گئی ہے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر سب سے بڑی قدغن  پیکا کے قانون کے ذریعہ لگا دی گئی ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں میڈیا مارشل لگا دیا گیا ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ  نے قانون کو آئین سے متصادم قرار دیا اور کہا کہ پیکا ایکٹ نے شہری آزادی اور شخصی آزادی کو چھینا ہے، ہم نے اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے اور اب ہماری نظریں عدالت پر ہیں۔

میڈیا ماہرین کے مطابق یہ ڈریکونین قانون ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر رائے دینے کو مجرمانہ رنگ دینا بھی غلط ہے۔دو افریقی ممالک کے بعد پاکستان تیسرا ایسا ملک ہوگا جہاں رائے دینا قابل دست اندازی پولیس cognizable offence رکھا گیا ہے۔

قانونی ماہرین تو اس پورے قانون کو ہی آئین  سے متصادم قرار دیکر اسے فوری کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے وکیل عمران شفیق جنہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں  پیکا  ایکٹ کو چلینج کیا ہے انکے مطابق قانون کے ذریعے جو سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی ہے وہ بنیادی طور پر سوشل میڈیا سیپریشن اتھارٹی ہے۔ یہ قانون آواز کو، بنیادی حقوق کو اور آزادی اظہار رائے کو اور اطلاعات کے حصول کے حق کو   سلب کرنے کا قانون ہے۔ 

قانونی ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا ٹرائبیونل کو جو ذمہ داریاں پیکا کے قانون کے ذریعہ دی گئی ہیں وہ عدالتوں کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ ٹرائبیونل  کی نہیں۔ آئین میں عدلیہ انتظامیہ سے الگ ہے اور عدالتی امور نبھانے والا کوئی بھی ٹرائبیونل حکومت کا لگایا ہوا نہیں ہو سکتا، تاہم پیکا  کے قانون کے تحت سوشل میڈیا کے امور اور خلاف ورزیوں کو دیکھنے والا ٹرائبیونل حکومت لگائے گی اور خود ہی فیصلہ کرے گی انکا لگایا ہوا ٹرائبیونل کے سربراہ کی کارکردگی خراب ہے تو وہ اسے تبدیل کر کے کسی اور کو لگا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر کسی شہری کا سوشل میڈیا اکاونٹ بلاک ہو تا ہے یا کسی کے خلاف سوشل میڈیا کے اکاونٹ کے غلط استعمال یا فیک نیوز قرار دیا جاتا ہے تو ٹرائبیونل میں سماعت کے دوران الزامات غلط ثابت  ہونے کی صورت میں اور معامله حکومت کے خلاف جانے کی صورت میں ٹرائبیونل کا سربراہ حکومت خود تبدیل کر سکتی ہے جو کہ عدلیہ اور انتظامیہ کے اختیارات کے الگ الگ ہونے کے اصول کے خلاف ہے اور عدالتی امور میں مداخلت کے مترادف ہے۔ قانونی اور آئینی  ماہرین پیکا 2025 کے قانون کو نہ صرف پاکستان کے آئین بلکہ اسے  عالمی قوانیب کے بھی خلاف قرار دے رہے ہیں  اور اسے بدنیتی پر مبنی قانون قرار دے رہے ہیں۔  

پاکستان کے 1973 کے آئین کے پری ایمبل یعنی تمہید “قرارد مقاصد” میں خودمختاری کو وضاحت سے بیان کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ چاہے بنیادی حقوق ہوں یا مواقع یا پھر قانون کے سامنے سماجی برابری  اسے  آئین یقینی بناتا ہے۔ اسی طرح سماجی، معاشی سیاسی انصاف، آزادی اظہار رائے اور مذہبی آزادی اور عبادت یا پھر قانون اور اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر ایسوسی ایشن کا حق، پھر آزاد عدلیہ کے اصول کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پارلیمان جو خود آئین کے تحت ہی قائم ہے، وہ آئین کے تحت کام کر کے ہی آئین کی بالادستی کو برقرار  رکھ سکتی ہے۔ اور جب پارلیمان خود چند افراد کی ایما پر یا عوامی فلاح کے بجائے اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ دینے کے لئے اور عوام کی آواز اور پریس کی آزادی کو سلب کرنے اور دبانے کے لئے پیکا جیسے کالے اور غلطیوں سے بھرپور قانون جلد بازی  میں منظور کرنا شروع کر دیگی تو پارلیمان عوامی حمایت کھو بیٹھے گی اور جمہوریت اور جمہوری اداروں اور جمہوری رویوں کو ناقابل تلافی نقصان  پہنچانے کا سبب بنے گی۔

سونے پر سہارہ یہ کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک جج کی طرف سے عدلیہ اور پارلیمان کی کارکردگی پر رائے کو لیکر رولنگ دینے میں دیر نہیں کرتے کہ پارلیمان پر تنقید کا کسی کو حق نہیں۔  سرکار اگر جان کی امان پاؤں تو عرض کہ پارلیمان عوام کا نمائندہ ادارہ ہے اور جب اعلی عدالتوں کے جج، ججوں کی تعیناتی میں بے قاعیدگیوں اور امتیازی سلوک کی نشان دہی کر رہے ہیں اور وکلا، سول سوسائٹی، صحافی، یہاں تک کہ سرکاری ملازمین تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگیوں، اور پینشنر واجبات اور پینشن سے محرومی پر سڑکوں پر ہوں اور تمام انگلیاں پارلیمنٹ کی کارکردگی پر اُٹھ رہی ہوں تو نہ صرف تنقید ہوگی بلکہ معاملات بد سے بد تر ہوتے چلے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here