18 فروری 2025

تحریر: اسلام گل


خیبر

ضلع خیبر کے دور دراز علاقے وادی تیراہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، نقل مکانی، اور علاقے میں مستقل امن کے قیام کے لیے مقامی آبادی کو امن لشکر بنانے پر مجبور کرنے کے خلاف ضلع خیبر کے تاریخی تجارتی مرکز باڑہ میں سیاسی جماعتوں اور عمائدین کا ایک مشاورتی جرگہ منعقد ہوا۔
جرگے میں شریک عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما صدیق چراغ نے بتایا کہ پچھلے دو دہائیوں سے علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے آپریشنز کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے اور مقامی آبادی کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ لیکن اس کے باوجود بھی علاقے میں مستقل امن قائم نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مشاورتی جرگے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ تمام تجارتی راستے کھول دیے جائیں تاکہ مقامی لوگوں کو معاشی مواقع فراہم ہو سکیں۔

باڑہ سیاسی اتحاد کے اعلامیے میں حکومت سے جنگ کی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے اور ہمسایہ ملک افغانستان سے تمام تجارتی راستے جلد از جلد کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں مسلح لشکر بنانے کے اقدام کو یکسر مسترد کر دیا گیا اور کہا گیا کہ مقامی آبادی کسی صورت دوبارہ نقل مکانی کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر حاجی شرین آفریدی نے کہا کہ حال ہی میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں خیبر پختونخوا میں امن قیام کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک جرگہ ہوا تھا، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام اضلاع میں مشاورتی جرگے منعقد کیے جائیں گے تاکہ آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ یہ جرگہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ جرگے میں یہ بھی فیصلہ ہوا تھا کہ امن کے مطالبے کو پورا کرنے کے لیے تمام قبائلی اضلاع کے عوام اسلام آباد میں احتجاج کے لیے جائیں گے اور حکمران طبقے کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ پشتون علاقوں میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

حالیہ شورش کی وجہ سے وادی تیراہ کی دو لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی مختلف قسم کے مسائل کا شکار ہے، جن میں امن کی غیر یقینی صورتحال، بے گناہ لوگوں کی ہلاکتیں، عام آبادی پر مارٹر گولوں کا گرنا، راستوں کی بندش، اور تجارتی و تعلیمی سرگرمیوں کا بری طرح متاثر ہونا شامل ہے۔ وادی تیراہ کے سیاسی رہنما شاہین سحر نے کہا کہ پہلے سے ہی وہاں موجود ریاستی اداروں کو واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ مقامی لوگ نہ تو نقل مکانی کریں گے اور نہ ہی امن لشکر بنائیں گے۔ لیکن اس کے باوجود پہاڑوں کے دامن میں رہائش پذیر لوگوں کو کہا گیا کہ وہ یا تو نقل مکانی کریں یا پھر لشکر بنائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here