۲۵ فروری ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان سے مستعفی ہونے والے رکن سینئر وکیل اختر حسین نے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ کمیشن نے بھی اکثریت کی بنیاد پر ہی ججز کی تعیناتی کرنی ہے تو پھر یہ سسٹم بھی نہیں چلے گا۔ جس طرح سے ٹرانسفر کر کے ایک جج کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا وہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے اختر حسین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کو ٹرانسفر کرنے کا عمل کورٹ پیکنگ کے زمرے میں ہی آتا ہے۔
واضح رہے کہ اختر حسین پچھلے چھ سال سے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں پاکستان بار کونسل کی نمائندگی کر رہے تھے اور ان کو پاکستان بار کونسل نے متفقہ طور طور کمیشن کے لئے نامزد کیا تھا۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اختر حسین کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان بار کونسل نے متفقہ طور پر جوڈیشل کمیشن کا ممبر نامزد کیا تھا لیکن اب چونکہ بار کونسل کے اندر اتفاق رائے نہیں رہا، اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ مجھے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔
پروگرام میں ججز کے ٹرانسفر کا دفاع کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار میاں رؤف عطا کا کہنا تھا کہ ججز کا ٹرانسفر آئین کے مطابق ہوا ہے اور ٹرانسفر ہونے والے ججز کو نیا حلف لینے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ان کی سنیارٹی متاثر ہوگی۔
پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ اختر حسین کو استعفی دینے کی بجاۓ کمیشن کے اندر رہ کر اپنے تحفظات کا اظہار کرنا چاہیے تھا۔
پروگرام میں پیکا ترمیمی ایکٹ پر بات کرتے ہوئےصدر سپریم کورٹ بار میاں رؤف عطا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار اس کو بنیادی حقوق کے خلاف سمجھتی ہے اور اس کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل رائٹس سے متعلق جو ترقی ہوئی ہے وہ پیکا قانون سے رک جائے گی اور اس قانون میں کوئی بھی شخص مدعی بن سکتا ہے، جس کے باعث ایک ہی واقعےکی کئی ایف آئی آرز درج ہو سکیں گی۔
سینئر صحافی اور تجزیہ کار زاہد حسین کا کہنا تھا کہ پیکا سے صرف صحافی ہی متاثر نہیں ہوں گے بلکہ اس سے پورے ملک میں آزادی اظہار متاثر ہوگی اور جب آزادی اظہار پر پابندی لگتی ہےتو اس کے خلاف جدو جہد میں سب سے اہم کردار بارکا ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہنے کو تو یہ بل پارلیمنٹ نے پاس کیا ہے لیکن سب کو پتا ہے یہ کہاں لکھا گیا ہے اور کس کے کہنے پر پاس کیا گیا ہے، اگر جمہوریت ہوتی تو یہ بل کبھی بھی پاس نہ ہوتا۔
اختر حسین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت اور ادارے کمزور ہیں اس لئے یہاں بات سنی تو جاتی ہے لیکن مانی نہیں جاتی۔