1 مارچ 2025

اسٹاف رپورٹ


لاہور:

دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش حملے میں جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق کی ہلاکت کے پیچھے متعدد ممکنہ وجوہات سامنے آئی ہیں۔ یہ حملہ محض دہشت گردی کا معمولی واقعہ نہیں، بلکہ اس کے پیچھے گہرے خاندانی تنازعات یا نظریاتی اختلافات چھپے ہو سکتے ہیں۔ مولانا حامد الحق کا خواتین کی تعلیم کے حق میں اٹھایا گیا قدم افغان طالبان کے قندھاری گروپ کی قدامت پسندانہ سوچ سے متصادم تھا، جبکہ خاندان کے اندر مالی معاملات اور قیادت کے حق پر پہلے سے کشیدگی موجود تھی۔ والد مولانا سمیع الحق کی پراسرار موت کا معمہ ابھی تک حل نہ ہونا بھی اس کیس کو مزید پیچیدہ بناتا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا ماننا ہے کہ یہ حملہ صرف ایک شخص کو نشانہ بنانے کے بجائے مدارس اور علماء میں اتفاق کو کمزور کرنے کا سنجیدہ منصوبہ بھی ہو سکتا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ٢٨ فروری کو ہونے والے خودکش حملے میں جے یو آئی (س) کے سربراہ اور مدرسے کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق سمیت 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے تھے۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور سیڑھیوں کے قریب موجود تھا اور جمعہ کی نماز کے بعد جب مولانا حامد الحق باہر آئے تو اس نے بارودی مواد سے خود کو اڑا دیا۔

اب تک اس حملے کی ذمہ داری کسی شدت پسند تنظیم یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کو موصول خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے کا ہدف مولانا حامد الحق ہی تھے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حملے کا مقصد مدارس اور علماء میں اتفاق کو کمزور کرنا تھا۔ انھوں نے کہا کہ دارالعلوم حقانیہ کی سیکیورٹی مزید سخت ہوتی تو یہ سانحہ پیش نہ آتا۔

افغان طالبان میں اندرونی اختلافات کا امکان

دارالعلوم حقانیہ ‘افغان طالبان’ کی پرورش گاہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ 2021 میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد قندھاری گروپ اور حقانی نیٹ ورک سے منسلک دھڑوں کے درمیان طاقت اور وسائل پر مکمل کنٹرول کے لیے کشیدگی دیکھی گئی ہے۔ یہ اختلافات صرف اقتدار تک محدود نہیں بلکہ نظریاتی اور سماجی معاملات، خصوصاً خواتین کی تعلیم، پر بھی دونوں گروہ ایک دوسرے کے سخت مخالف ہیں۔

قندھاری گروپ زیادہ قدامت پسند تصور کیا جاتا ہے اور اس نے افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر سخت ترین پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جن میں چھٹی جماعت کے بعد لڑکیوں کے اسکول جانے پر مکمل پابندی اور یونیورسٹی میں خواتین کے داخلے پر قدغن شامل ہے۔

اس کے برعکس، حقانی نیٹ ورک سے وابستہ بعض شخصیات خواتین کی تعلیم کے حق میں نسبتاً نرم رویہ رکھتی ہیں، جس کی ایک مثال مولانا حامد الحق کا حالیہ مؤقف تھا، جس میں انہوں نے خواتین کو تعلیم سے روکنے کو غیر اسلامی قرار دیا تھا۔ ان کا نام صوبہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے کابل بھیجے جانے والے وفود میں شامل تھا۔

خاندانی تنازعات کا پس منظر

یہ بھی یاد رہے کہ مولانا حامد الحق کے خاندان میں مالی معاملات اور قیادت کے حق پر تنازعات پہلے سے موجود تھے۔ اس سے قبل ان کے والد مولانا سمیع الحق کو راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار سے قتل کر دیا تھا، جس کا معمہ آج تک حل نہ ہو سکا۔ کچھ ذرائع کے مطابق، مولانا حامد الحق اور ان کے ایک رشتہ دار کے درمیان ذاتی رنجشیں بھی تھیں۔

خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کر لیا گیا ہے۔ حملے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔ خود کش حملہ کرنے والے مبینہ حملہ آور کی تصویر جاری کر دی گئی ہے اور حملہ آور کی شناخت دینے والے کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

اس سے قبل مولانا حامد الحق کی نماز جنازہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مولانا حامد الحق کو ان کے مرحوم والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here