04 مارچ 2025

سٹاف رپورٹ


پاکستان کے سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے اسلام آباد میں ہونے والی اپوزیشن کی کانفرنس کو وردی میں ملبوس افراد نے روکا تھااور اس میں انٹیلی جنس کے لوگ بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے حکومت کو پتا ہی نہ ہو کہ کانفرنس کو کس نے روکا ہے کیونکہ یہاں پر ہائبرڈ حکومت کام کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے شاہد خاقان عباسی اور محمود خان اچکزئی کی میزبانی میں گرینڈ اپوزیشن اتحاد نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔ کانفرنس کے پہلے دن وکلاء اور سیاست دانوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

لیکن جب اگلے روز کانفرنس میں شرکت کے لئے کانفرنس کے لئےمیزبان اور سیاسی رہنما بشمول لیڈر آف اپوزیشن عمر ایوب خان ہوٹل پہنچے تو ہوٹل انتظامیہ نے ان کو داخل ہونے سے روک دیا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس اپوزیشن اتحاد کی کوئی بیٹھک نہیں تھی بلکہ موجودہ حالات کے حوالے سے ایک میٹنگ تھی جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد شریک تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی گرینڈ اپوزیشن اتحاد نہیں بنا، ابھی صرف سوچ کا اتفاق ہے لیکن آپس میں اختلافات بھی موجود ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کے تحریک انصاف کے حوالے سے خدشات ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت اور موجودہ حکومت میں زیادہ فرق نہیں ہے کیوں کہ دونوں ہی ہائبرڈ حکومت چلا رہے تھے۔

اس پر میزبان منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ کچھ لوگ تو یہ الزام بھی لگاتے ہیں کہ ہائبرڈ حکومت کی ابتدا اصل میں شاہد خاقان عباسی کی وزارت عظمیٰ کے دوران ہوئی تھی، جس کی تردید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی غیر آئینی کام نہیں کیا اور اسی وجہ سے مجھےسزا دی گئی اور الیکشن ہروایا گیا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئینی حدود سے تجاوز کیا ہے تو شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے پاس ثبوت نہیں ہے کہ آرمی چیف اپنے آئینی اختیار سے تجاوز کر رہے ہیں اس بات کا تعین تاریخ ہی کرے گی لیکن آج کل ہائبرڈ حکومت موجود ہے اور اسی وجہ سے ایس آئی ایف سی کا کردار زیادہ ہے۔

تحریک انصاف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خواہ حکومت کی کارکردگی دیکھ کر لگتا نہیں ہے کہ تحریک انصاف نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے۔ وہاں پر ویسے ہی ہلڑ بازی چل رہی ہے جیسے پہلے ہوتی تھی بلکہ حالات اس سے بھی خراب ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ اپوزیشن اتحاد میں وہی جماعتیں موجود ہیں جو اس سے پہلے پی ڈی ایم میں تھیں بس مسلم لیگ ن کی جگہ تحریک انصاف آ کر بیٹھ گئی ہے۔ جب ان کو خط کا جواب آ جائے گا تو شاید وہ بھی کہیں چلی جائے گی۔

‘فی الحال واشنگٹن میں پاکستان زیر بحث نہیں’

پروگرام کے دوسرے حصے میں امریکا میں مقیم پاکستانی صحافی انور اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن دو امریکی اراکین کانگریس نے عمران خان کی رہائی کے لئے خط لکھا ہے وہ ٹرمپ کے نزدیکی ہیں لیکن فی الحال واشنگٹن میں پاکستان زیر بحث نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ امریکا میں پاکستانی ڈاکٹرز کی اکثریت عمران خان کے حق میں ہے اس لئے وہ لابی کر کے اراکین کانگریس سے عمران خان کے حق میں خط لکھوا لیتے ہیں۔

امریکی امداد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انور اقبال کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے وعدہ کیا ہے کہ یو ایس ایڈ بحال ہوگی لیکن یہ امریکی شرائط سے منسلک ہوگی اور دیکھا جائے گا کہ امداد لینے والا امریکا کی کتنی بات مانتا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ امریکی صدر ٹرمپ افغانستان سے اسلحہ واپس لینے کے لئے کس حد تک جائیں گے، انور اقبال کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا اصل ہدف اسلحہ نہیں ہے بلکہ وہاں موجود معدنیات ہیں۔ ٹرمپ چاہیں گے کہ امریکی کمپنیز افغانستان جا کر یہ قیمتی معدنیات نکال سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here