05 مارچ 2025
تحریر
اسلام گل
پشاور: ساڑھے تین سال قبل افغان طالبان کے خوف سے ملک چھوڑ کر پاکستان آنے والے مہاجرین کے مسائل اب تک حل نہیں ہو سکے۔ ان میں سے اکثریت نے بیرونی ممالک جانے کے لیے عالمی ادارہ برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر) کے ساتھ خود کو اور اپنے خاندان کو رجسٹرڈ کروایا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ ادارہ ان کے کیسز پر توجہ نہیں دے رہا۔ اس شکایت کے پیش نظر، افغان مہاجرین نے آج پشاور میں یواین ایچ سی آر کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔
اوگی احمد زئی، جو خود ایک وکیل ہیں اور ان کے شوہر سرکاری وکیل تھے، نے یواین ایچ سی آر کے ساتھ بیرونی ملک منتقلی کے دستاویزات جمع کروائے ہیں۔ ان کے مطابق، کیسز پر کارروائی انتہائی سست ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ اس عمل کو تیز کیا جائے۔ افغان پناہ گزین کئی سالوں سے انتظار کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ یواین ایچ سی آر سے ہے کہ وہ کیسز پر کارروائی تیز کرے تاکہ وہ دوسرے ممالک منتقل ہو سکیں۔
حال ہی میں، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے غیرقانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین فوری طور پر واپس اپنے ملک چلے جائیں۔ افغان شہری کارڈ کے لیے 31 مارچ جبکہ دوسرے ممالک منتقلی کے منتظر مہاجرین کو 30 جون تک کی مہلت دی گئی ہے۔ حکومت کے اس اعلان کے بعد، بیرونی ممالک منتقل ہونے والے ان افغان مہاجرین کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے جو زندگی کو درپیش خطرات کی وجہ سے اپنے ملک واپس نہیں جا سکتے۔
احمد وحیدی، جو افغانستان میں یونیورسٹی کا طالب علم تھا، نے بتایا کہ ان کے والد سابق حکومت میں سرکاری ملازم تھے، جس کی وجہ سے انہیں پڑھائی ادھوری چھوڑ کر پاکستان آنا پڑا۔ تاہم، یہاں قانونی دستاویزات کی عدم دستیابی اور مالی مسائل کی وجہ سے ان کی پڑھائی ممکن نہیں رہی۔ آج کے مظاہرے میں انہوں نے دیگر دوستوں کے ساتھ شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں پڑھائی، معاشی مشکلات، اور پولیس کی گرفتاری کے خوف جیسے بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔
مرسل نوابی نے بھی بیرون ملک منتقلی کے لیے اپنا کیس یواین ایچ سی آر کے ساتھ جمع کروایا ہے۔ انہوں نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ حکومت کے فیصلے اور امریکہ کی جانب سے افغان مہاجرین پر پابندی کے اعلان نے پاکستان میں مقیم ان افغان مہاجرین کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے جو بیرونی ممالک منتقل ہونا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول، پاکستان سے زبردستی بے دخلی کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ پاکستان نے مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ وہ خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ انہوں نے پاکستان سے نرم رویہ اپنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مہاجرین بھی بنیادی انسانی حقوق کے مستحق ہیں۔
حال ہی میں، پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اسی ہزار افغان مہاجرین کو بیرونی ممالک منتقلی کے لیے سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ چالیس ہزار مزید ایسے ہیں جن کے کیسز پر کارروائی جاری ہے۔ تاہم، 30 جون سے پہلے انہیں اپنے تمام معاملات نمٹانے کی مہلت دی گئی ہے۔
یواین ایچ سی آر کے دفتر نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ اگست 2021 کے بعد چھ سے آٹھ لاکھ افغان مہاجرین پاکستان آ چکے ہیں۔ ادارہ مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے اور کوشش کر رہا ہے کہ انہیں یہاں پر سکون کے ساتھ رہائش کے لیے شناخت مل سکے۔