07 مارچ 2025

اسلام گل آفریدی


خیبر:بارڈر فورس کے اعدادوشمار کے مطابق روزانہ تین ہزار سے زائد افراد طورخم کے راستے سفر کرتے ہیں تاہم گزشتہ تیرہ دنوں سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کی بناء پر سینکڑوں کی تعداد میں مال بردار گاڑیاں اور مسافر پاکستان میں پھنس چکے ہیں۔ جن میں اکثریت اُن مریضوں کی ہے جوعلاج کے لئے پاکستان آئے تھے۔ ان میں سے کئی مسافر مسلسل چار روز سے سرحد پر ہونے والی فائرنگ سے بچنے کے لئے لنڈی کوتل کی جامع مسجد میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

پینتالیس سالہ شاہ ولی افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد کے رہائشی ہیں اور چھ مہینے پہلے اپنے ماموں زاد بھائی کو دل کے عارضے کے علاج کےلئے پاکستان لائے تھے تاہم طورخم سرحد کی بندش کے بناء پر دونوں لنڈی کوتل کی جامع مسجد میں قیام پزیر ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ یہاں پر کھانے پینے کے ساتھ ساتھ سردی کا بھی مسئلہ ہے جس سے مریض ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔ اُنہوں نے دونوں ممالک کے اعلی حکام سے سرحدی گزرگاہ کھولنے کے لئے بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

لنڈی کوتل سے لیکر طورخم تک پاک افغان شاہراہ پر بڑی تعداد میں مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں۔ گاڑیوں کے ڈرائیور شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ان مسافروں اور ڈرائیور حضرات کو مقامی رضاکار نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت افطاری اور سحری مہیا کررہے ہیں۔ جلال خان ایک ٹرک ڈائیوار ہے جو پچھلے دوہفتوں سے مرکزی شاہراہ پر مچنی چیک پوسٹ کے قریب اپنی گاڑی کے پاس موجود ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ مقامی رضاکار نوجوانوں کی جانب سے افطاری کا بندوبست کیاجاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے آج افطاری کے لئےکوئی انتظام نہیں کیا تھا لیکن اللہ ان لوگوں کا بھلا کرے کہ اس مشکل وقت میں وہ ہمیں افطاری فراہم کررہے ہیں۔ اُن کے بقول قریب کوئی بازار نہیں اور ناہی ان کے پاس پیسے ہیں کہ کھانے کےلئے کچھ خرید سکیں۔

طورخم پر سرحدی گزرگاہ کی بندش کی وجہ سے پھنسے افراد کی مدد کرنے والے لنڈی کوتل کے رضاکارنوجوانوں کی سرگرمیوں کی نگرانی خود تحصیل لنڈی کوتل کے چیئرمین شاہ خالد شنواری کررہے ہیں۔ اُنہوں نے وائس پے کےکو بتایاکہ اس مشکل میں مقامی نوجوانوں کی سماجی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں اور یہ عمل اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک سرحد کھول نہیں دی جاتی۔

گزشتہ چنددنوں سے سرحد پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس سے سرحد کے دونوں جانب رہائشیوں میں خوف وہراس پایاجاتا ہے۔ سرحد کی بندش کے باعث طورخم کے قریب لنڈی کوتل بازار میں تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ مقامی افراد کی اکثریت کی آمدنی طورخم پرہونے والی تجارت سے وابستہ ہے۔

انجمن تاجران لنڈی کوتل کے صدر یاد وزیر نے کہاکہ مقامی لوگوں کی کمائی کا طورخم پر دوطرفہ تجارت کے علاوہ کوئی دوسرا ذریعہ نہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ سرحد کو جلد از جلد کھولا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل حل ہوسکیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی سے پاکستان کی حدود میں واقع آخری گاؤں باچا مینہ سے پچاس سے زیادہ خاندان بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ بھاری گولہ گرنے سے مسجد کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک مقامی شخص زخمی بھی ہوا۔

اس سے پہلے طورخم سرحد کے قریب فائرنگ سے چارافراد زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک ڈرائیورحرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسا تھا۔

ایک افغان صحافی نے نام نہ مظاہر کرنے کی شرط پر بتایاکہ سرحد پر حالیہ کشیدگی کی وجہ سے افغانستان کی حدود میں آٹھ سو خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ ابتک ایک افغان طالب ہلاک اور سات زخمی ہوچکے ہیں۔ کل کی فائرنگ سے دو افغان صحافی بھی زخمی ہوئےتھے۔

معاشی ماہرین کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ کی بندش سے روزانہ دوطرفہ تجارت کو تین ملین ڈالرزکا نقصان پہنچ رہاہے جبکہ پہلے ہی گزشتہ کئی سالوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here