08 مارچ 2025
تحریر: فرزانہ علی
نوعمری میں، جب میں کچھ ایسا کہہ دیتی جو میرے اردگرد کی لڑکیاں عام طور پر نہیں کہہ پاتیں، تو اماں فوراً مجھے ٹوک دیتیں اور کہتیں، “چپ کرو! اچھی بچیاں اس طرح کی باتیں نہیں کرتیں۔” وقت گزرا، اور میں لڑکی سے عورت بن گئی۔ ایک بار پھر جب میں نے اپنے استحصال کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی، تو مجھے کہا گیا، “خاموش رہو! اچھی عورتیں اس طرح کی باتیں نہیں کرتیں۔”
یہ پدرسری معاشرے کا ایک اور جملہ تھا جو زبان زدِ عام تھا:
“تمہیں کس قسم کی آزادی چاہیے؟”
آہستہ آہستہ، عورت کی آزادی اور حقوق کے معنی کو ایک خاص سانچے میں ڈھال دیا گیا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہماری ہی ہم جنس خواتین ہمارے خلاف ہو گئیں۔ کئی خواتین کو یہ محسوس ہونے لگا کہ معاشرے نے جو طے کر رکھا ہے، وہی درست ہے۔ ہمیں اونچی آواز میں بات نہیں کرنی چاہیے، اپنی خواہشوں کو دبانا چاہیے، اور ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے جس سے ہمارے گھر والوں یا ہماری عزت کو نقصان پہنچے۔
اور پھر، اپنے وجود اور شناخت کی اس جنگ میں دو دہائیاں نکل گئیں۔ چند روز قبل، میرے کچھ دوستوں نے کال کر کے بتایا کہ 7 مارچ کو ہم خواتین کا عالمی دن منا رہے ہیں۔ سب خواتین اکٹھی ہو کر اس دن کو منائیں گی۔ لیکن میں سوچنے لگی:
“کیا ہم اس بار بھی عورت مارچ نہیں کر پائیں گے؟ اور کیوں؟”
اس “کیوں” کا جواب تلاش کرتے ہوئے جو تلخ حقائق میرے سامنے آئے، وہ کسی صدمے سے کم نہیں تھے۔
یہ درست ہے کہ بچیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کرنے کی رسم ختم ہو چکی ہے، لیکن عورت کے وجود، اس کی شناخت، اور اس کے حقوق کے استحصال کا جو نیا طریقہ معاشرے نے اپنایا ہے، وہ اپنی جگہ ایک ایسی تلخ کہانی ہے جس کی ایک جھلک میں آپ کو آج کی اس تحریر میں دکھانے کی کوشش کر رہی ہوں۔
2019 وہ سال تھا جب خواتین کے عالمی دن کے موقع پر، پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے خواتین نے پشاور پریس کلب سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی۔ اس ریلی میں خواتین نے اپنے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائی۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے، جن پر پختونخوا کی خواتین کے مسائل کی عکاسی کی گئی تھی۔ کچھ ایسے مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی جن پر فوری قانون سازی کی ضرورت تھی۔ ریلی میں شریک خواتین نے حکومت سے خواتین کی صحت، تعلیم، اور جائیداد میں حق کے لیے موثر قانون سازی کا مطالبہ کیا۔
یہ اس وقت کی بات ہے جب پختونخوا جیسے قدامت پسند معاشرے میں خواتین کا سڑک پر نکل کر آواز اٹھانا ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ صوبے میں ایک دہائی سے جاری عسکریت پسندی نے معاشرے کو ایسے ڈگر پر ڈال دیا تھا جہاں عورت کو دوبارہ چار دیواری میں قید کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔ امن و امان کی صورتحال اور عسکریت پسندوں کا خوف معاشرے میں ایک عجیب قسم کی گھٹن کا باعث بن گیا تھا۔ لیکن ایسے میں، 8 مارچ کو خواتین کا کھل کر اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے لیے آواز اٹھانا بہت سوں کو کھٹک گیا۔
اگلے کچھ دنوں میں، انہی پلے کارڈز اور بینرز کو ری ڈیزائن کر کے سوشل میڈیا پر ایسے جملوں کے ساتھ پیش کیا گیا جو قدامت پسند معاشرے میں خاندانی نظام اور عورت کے وجود کے لیے توہین آمیز سمجھے گئے۔ کئی مہینوں تک ریلی میں شریک خواتین کے خلاف جاری پروپیگنڈے نے ماحول کو اس قدر متنازعہ بنا دیا کہ عورت مارچ کو چند “آزاد خیال” عورتوں کا کام سمجھتے ہوئے ایک گالی بنا دیا گیا۔
کسی اور شہر میں ایک پلے کارڈ پر لکھے گئے نعرے “میرا جسم، میری مرضی” کی غلط تشریح کو پشاور مارچ کے پلے کارڈز سے جوڑا گیا، جو ایک انتہائی قدم تھا۔ اس کا نتیجہ 2020 میں اس صورت میں سامنے آیا کہ خواتین عالمی دن کے موقع پر سڑک پر مارچ کرنے سے گریزاں نظر آئیں۔ کئی خواتین نے خود کو پدرسری معاشرے کی “اچھی” بیٹیاں، بیویاں، اور مائیں ثابت کرنے کے چکر میں یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا:
“ہم ‘میرا جسم، میری مرضی’ والی عورتیں نہیں ہیں۔”
حالات کو دیکھتے ہوئے، سول سوسائٹی کی چند خواتین نے عورت فاونڈیشن کے زیر اہتمام ایک شام کو ایک چھوٹی سی ریلی نکالی، جس میں درجن بھر خواتین نے شرکت کی۔ اور یوں، خیبر پختونخوا میں خواتین کا عالمی دن چار دیواری کے اندر سمٹ کر رہ گیا۔ یہ قید آج چار سال گزرنے کے باوجود بھی ختم نہیں ہو سکی۔
“پختونخوا کی عورت 8 مارچ کو ریلی کی شکل میں کیوں نہیں منا سکتی؟”
اس سوال کے جواب میں، عورت فاونڈیشن سے وابستہ سماجی کارکن صائمہ منیر کا کہنا تھا:
“عورت اس لیے سڑک پر نہیں ہے کیونکہ وہ سڑک سے بہت نیچے ہے۔ سڑک پر آنے کے لیے بھی آپ کو کسی جگہ پر پہنچنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن یہاں لوگوں میں عدم برداشت اس قدر زیادہ ہے کہ وہ اب تک ‘میرا جسم، میری مرضی’ کے نعرے میں اٹکے ہوئے ہیں۔ حالانکہ ریپ کے خلاف اس سے بڑا کوئی نعرہ ہو ہی نہیں سکتا۔ لیکن پشاور میں تو حال یہ ہے کہ ہائیکورٹ کا ایک جج کہتا ہے:
‘اچھا، ریپ تو ہو گیا، اب اس لڑکی کا اس لڑکے سے نکاح کر دو۔’
ایسے حالات میں، کون ‘میرا جسم، میری مرضی’ کو سپورٹ کرے گا؟ وہ تو پھر عورت مارچ کے پیچھے ہی پڑ جائیں گے۔ تو سڑک پر آنا کیسے ممکن ہو گا؟”
صائمہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سڑک پر آ کر احتجاج نہیں کر سکتیں، لیکن وہ پھر بھی عورتوں کی بہتری کے لیے کام کرتی رہیں گی۔
سماجی کارکن طاہرہ کلیم نے بتایا کہ پانچ سال قبل خواتین نے اکٹھا ہونے کی کوشش کی، لیکن دیگر شہروں میں عورت مارچ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کے بعد، خیبر پختونخوا کے تھانوں میں ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ اس کے بعد خوف کی ایسی فضا بن گئی کہ خواتین سڑک پر آ کر بینر اٹھانے سے خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین 8 مارچ سے جڑے خوف کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئی ہیں، لیکن پانی کی سطح پر کچھ تنظیمیں اور خواتین مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔
سماجی کارکن ڈاکٹر رفعت عزیز نے عورت مارچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سال قبل ایک نعرے کی غلط تشریح نے عورت مارچ کو متنازعہ بنا دیا۔ حالانکہ اس نعرے کا تعلق تولیدی صحت اور دیگر مسائل سے تھا، لیکن اسے بگاڑ کر عورت کو اپنے احتجاج کے حق سے محروم کر دیا گیا۔
یہ وہ باتیں ہیں جو خواتین ڈھکے چھپے انداز میں کہتی نظر آتی ہیں۔ لیکن کچھ سالوں سے ایک حیرت انگیز بات یہ بھی دیکھنے میں آئی ہے کہ 8 مارچ سے چند ہفتے قبل ہی کچھ خاص نمبروں سے کالز کا ایک سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، جس کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ پختونخوا کی کوئی عورت “عورت مارچ” کا حصہ بننے کی جرات نہ کر سکے۔
عالمی فورمز پر پاکستان کی خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لیے زمین آسمان کے قلابے ملانے والوں کو یہ تو ضرور پتہ ہو گا کہ عورت کے لیے خوف کی اس فضا کو پروان چڑھانے کے پیچھے کون ہے؟
