12 مارچ 2025

سٹاف رپورٹ


پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر ناصر بٹ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نو مئی کے حساس کیس میں گرفتار ہیں اور ان کے کیس کا فیصلہ ہونے والا ہے اس لئے اگر ان کو سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے لئے لایا گیا تو ہوسکتا ہے وہ پولیس والوں کے ساتھ مل کر فرار ہو جائیں۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹراعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے معاملے پر حکومت چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو بریف کرے گی۔

واضح رہے کہ اعجاز چودھری نو مئی کے کیسز میں 2023 سے گرفتار ہیں اور گرفتاری سے لے کر اب تک ان کو کسی بھی سینیٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پیش نہیں کیا گیا ہے۔

اس سال جنوری میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی سینیٹر کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، تاکہ وہ 14 جنوری کو سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کر سکیں لیکن ان کو پیش نہ کیا گیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرنا چھوڑ دی تھی۔

تاہم مارچ میں تحریک انصاف کے ایک اور سینیٹر عون عباس بپی کو بھی غیر قانونی شکار کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے ایک دفعہ پھر سینیٹر عون عباس بپی اور سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

جس کے بعد سینیٹر عون عباس بپی کو پروڈکشن آرڈر پر ایوان بالا میں پیش کیا گیا جبکہ چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر اعجاز چوہدری کو پروڈکشن آرڈر کے باوجود ایوان میں پیش نہ کرنے کا معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا۔

پروگرام میں شریک پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا کا کہنا تھا کہ کسی منتخب ممبر کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے اس کے حلقے کے لوگوں کا استحقاق مجروح ہوتا ہے اس لئے یہ اسپیکر کا کام ہوتا ہے کہ وہ ایسے رکن کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے۔

جبکہ تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی علی سرفراز کا کہنا تھا کہ جب تک کسی شخص کو سزا نہیں ہو جاتی وہ بےگناہ تصور ہوتا ہے اس لئے سینیٹر اعجاز چودھری کا پیش ہونا ان کا حق ہے۔

اس پر سینیٹر ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں تو اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز ہی جاری نہیں ہوا کرتے تھے۔

پروگرام میں صدر زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اپوزیشن کے شور شرابے پر بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما علی سرفراز کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اس عہدے پر رہنے کے حقدار نہیں ہیں کیوں کہ جس ایوان نے انہیں منتحب کیا ہے وہاں سارے لوگ ہی غیر منتخب بیٹھے ہوئے ہیں۔

اس کا جواب دیتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ تحریک انصاف سیاست کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔ اگر صدر کا انتخاب غلط تھا تو تحریک انصاف نے اپنا امیدوار کیوں کھڑا کیا تھا؟ تحریک انصاف کے لوگ اسمبلی سے تنخواہ اور مراعات پوری وصول کرتے ہیں لیکن اسمبلی میں آ کر کوئی کردار ادا نہیں کرتے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here