۲۱ مارچ ۲۰۲۵
رپورٹ: ندیم خان
کوئٹہ
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما بیبرگ بلوچ اور انکے بھائی سمیت حال ہی میں گمشدہ ہونے والے قمبرانی فیملی کے گمشدہ آٹھ افراد کی بازیابی کے لئے کوئٹہ کے سریاب روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بعد ازاں بلوچستان یونیورسٹی سے برما ہوٹل کی جانب احتجاج ریلی نکالی۔
کوئٹہ کی قمبرانی روڈ سے حالیہ دنوں آٹھ افرا کی گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان آٹھ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ جن میں ابرار قمبرانی، جواد قمبرانی، ناصر قمبرانی، بلال بنگلزئی، علی اضغر قمبرانی اور ضياالرحمن قمبرانی اور فضل الرحمان لاپتہ ہیں۔
آرسہ قمبرانی نے وائس پی کے کو بتایا کہ ان کے بھائی اور کزن کو روزے کے دوسرے روز لاپتہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سے بات کی انہوں نے پہلی مرتبہ ایک ہفتہ جبکہ دوسری مرتبہ تین دن میں (بازیابی) کا بتایا۔
آرسا کے مطابق ’’بیس روز گزر جانے کے باوجود ہمارے بندے بازیاب نہیں کرائے گئے۔ اور ہمارے گھروں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے بھائی سمیت خاندان کے دیگر سات افرادکو فوری بازیاب کرایا جائے۔
احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری قیدی وین سمیت موقع پر موجود رہیں۔ مظاہرین نے لاٹھی چارج کے خدشے کا اظہار کیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنماء ماہرنگ بلوچ نے نے احتجاج کی قیادت کی، احتجاج میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ماہرنگ بلوچ نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما بیبرگ بلوچ اور انکے بھائی ڈاکٹر حمل بلوچ کو ‘جببری طور پر لاپتہ کیا گیا’ ہے، وہ اس وقت کہا ہیں کسی کو معلوم نہیں۔سول ہسپتال سے لاپتہ افراد کے خاندانوں کو گرفتار کیا گیا۔ جن میں سعید بلوچ ان کی بہن سمیت دیگر تین افراد شامل ہیں۔
پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کے جواب میں ماہرنگ بلوچ نے بتایا کہ پولیس مظاہرین پر تشدد کرسکتی ہے۔تشدد ہمارا راستہ نہیں وک سکتا، ہم خود تشدد کے خلاف نکلے ہیں۔
گزشتہ روز صوبے کی مجموعی صورتحال پر وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے کوئٹہ میں اہم اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سمیت 47 نکات زیر بحث لائے گئے۔اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ مسنگ پرسنز کے معاملے پر قانون سازی کی جا رہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو مکمل مینڈیٹ کے ساتھ بھیجا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کے مابین لاپتہ افراد سے متعلق ساتھ قانون سازی پر بات ہوئی۔اس حوالے سے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں سیکورٹی فورسز کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ اس وقت سیکورٹی فورسز جس محاذ پر جنگ لڑ رہی ہے اس حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے تنبیہ کی ہے کہ بیبرگ بلوچ سمیت حالیہ دنوں لاپتہ ہونے والے افراد کو بازیاب نہ کرایا گیا تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔ اور بلوچستان بھر میں احتجاجی ریلیاں اور دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا۔احتجاج میں شریک محمد مبشر ر بلوچ نے بتایا کہ’’ہم اپنے بچوں سمیت آئے ہیں۔ آئین کے مطابق پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔ ہم پر امن ہیں‘‘۔
دوسری طرف بولان میڈیکل کالج کے وائس پرنسپل اور معروف ماہرِ نفسیات، پروفیسر ڈاکٹر الیاس بلوچ کو مبینہ طور پر لاپتہ کرنے کے بعد 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے ہدہ جیل، کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق، گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز نے بی ایم سی کالونی، کوئٹہ میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ بعدازاں، انہیں 3 ایم پی او کے تحت ہدہ جیل منتقل کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔