۲۲ مارچ ۲۰۲۵
رپورٹ : رانا مالہی
اسلام آباد
اسلام آباد کیپٹل پولیس نے 8 مارچ کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کرنے پر عورت مارچ کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ واضح رہے کہ عورت مارچ کے منتظمین نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں مارچ کی اجازت کے لیے درخواست کی تھی، لیکن انہیں کوئی واضح اجازت نامہ یا این او سی جاری نہیں کیا گیا تھا۔
یہ مقدمہ کوہسار تھانے میں درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 188 اور 341 کے ساتھ ساتھ پُرامن اجتماع اور عوامی نظم و ضبط ایکٹ 2024 کی دفعہ 8 شامل کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، علاقے کے مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ چانڈیو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں 150 سے زائد خواتین پر مشتمل ایک ریلی کو نیشنل پریس کلب کی جانب مارچ کرتے اور احتجاج کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ریلی کی قیادت عورت مارچ کی معروف کارکن فرزانہ باری کر رہی تھیں۔
اس کے علاوہ، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بلال ربانی اور پاکستان نظریاتی پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری عبدالشکور سمیت 60 سے زائد افراد بھی احتجاج میں شامل ہوئے۔
مجسٹریٹ اور پولیس اہلکاروں نے سپر مارکیٹ میں عورت مارچ کے شرکاء کو روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہے اور دونوں گروپوں نے شہید ملت روڈ بلاک کر دی۔
بعد ازاں، مجسٹریٹ نے اپنے دفتر سے معلومات حاصل کیں اور معلوم ہوا کہ مارچ اور احتجاج کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا تھا۔ چونکہ ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد میں ہر قسم کے اجتماعات پر دفعہ 144 نافذ کی تھی، اس لیے یہ مارچ اور احتجاج غیر قانونی قرار پایا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ فرزانہ باری، بلال ربانی اور عبدالشکور نے ڈپٹی کمشنر کے احکامات اور پابندی کی خلاف ورزی کی۔