25 مارچ 2025
تحریر: شوکت کورائی
کراچی: پیر کے روز ہونے والے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے سمیع بلوچ، وہاب بلوچ اور دیگر کارکنوں کو منگل کے روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے مقدمہ خارج کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا، لیکن محکمہ داخلہ نے سمیع بلوچ اور دیگر کو نظر بند رکھنے کے لیے تھری ایم پی او کے تحت فوری احکامات جاری کیے، جس کے بعد پولیس نے سمیع بلوچ کو دوبارہ حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے دوران وکلاء نے شدید مزاحمت کی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے بیان میں سمی دین کو عدالت کے رہا کرنے کے باوجود 7 ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی۔بی وائی سی کے بقول یہ اقدام ریاست کی اپنی عدلیہ اور قانونی نظام سے مکمل بے اعتنائی کو ظاہر کرتا ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے بلوچ کارکنوں کو جعلی مقدمات میں پھنسانا جاری رکھے ہوئے ہیں۔”سمی دین کی دوبارہ گرفتاری پرامن مزاحمت کو کچلنے کی ایک اور کوشش ہے، لیکن یہ تحریک ظلم کے خلاف اپنی جدوجہد میں پختہ عزم کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہے۔”
“سمی دین کی دوبارہ گرفتاری نہ صرف انصاف کا مذاق ہے بلکہ یہ ریاستی جبر کی ایک نئی کڑی ہے۔ ہم اس ظالمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر انہیں بلا شرط رہا کیا جائے،” بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے بیان میں زور دیا۔
“عدالتی احکامات کو نظرانداز کر کے پولیس کا یہ عمل ثابت کرتا ہے کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، بلکہ طاقت کی حکمرانی ہے۔ ہماری مزاحمت جاری رہے گی،” کمیٹی نے واضح کیا۔
کراچی میں بلوچ یکجہتی کمیٹی، ایچ آر سی پی، اور دیگر سول سوسائٹی تنظیموں نے ماہرنگ بلوچ کی گرفتاری اور کوئٹہ میں مبینہ پولیس فائرنگ کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، پولیس نے پریس کلب تک رسائی روکنے کے لیے تمام راستے بلاک کر دیے۔
دوسری جانب، پاکستان علما کونسل کے نام پر چند افراد نے بی وائی سی اور بی ایل اے کے خلاف پولیس کے ساتھ مل کر احتجاج کیا۔ ان کے ہاتھوں میں بی ایل اے اور بی وائی سی کے خلاف نعرے لکھے پلے کارڈز تھے۔ تاہم، جب ان کی ریلی آگے بڑھی تو پولیس نے خود انہیں بھی روک دیا۔ اس دوران پولیس نے بی وائی سی کے بزرگ رہنما لالا وہاب بلوچ کو گرفتار کر لیا، جبکہ احتجاجیوں نے زنجیر بنا کر گرفتاریوں کی مزاحمت کی۔ طویل کشمکش کے بعد سمیع الدین بلوچ اور دیگر کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتاریوں سے قبل سول سوسائٹی اور بی وائی سی کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ ماہرنگ بلوچ کی رہائی اور کوئٹہ واقعے کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ لیکن پولیس کی راستہ روکنے کی کارروائی نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ اس ملک میں قانون اور آئین کی حیثیت محض کاغذی ہے۔
سمیع بلوچ اور ان کے وکلاء نے محکمہ داخلہ کے تھری ایم پی او کے احکامات کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔