۲۶ مارچ ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
بلوچستان کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کی تمام گرفتارخواتین کو فوری رہا کرے اور معاملات کو طاقت کی بجاۓ بات چیت سےحل کرنے کی کوشش کرے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتےہوئے انہوں نےکہا کہ جعفر ٹرین کے واقعے کے بعد ریاست نے سختی شروع کی لیکن اس سے چیزیں بہتر نہیں ہوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے امید تھی کہ وہ بلوچستان کے مسئلے کو ٹھنڈے دل سے سوچیں گے۔ بلوچستان میں آپریشن آپریشن کرنے کی بجاۓ لاپتا افراد کے مسئلےکو حل کریں۔
ڈاکٹر عبدالمالک نے مزید کہا کہ ہم فیڈریشن کے حق میں ہیں لیکن یہ بھی نہیں ہے کہ آپ زیادتی کریں گے اور ہم خاموش رہیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہےکہ جو بچیاں ہیں ان کو رہا کرو کیوں کہ اب بلوچستان ڈنڈا ماری سے نہیں چلے گا۔
پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر براۓ سیاسی امور رانا ثنا الله نے عبدالمالک بلوچ کو یقین دہانی کروائی کہ وہ گرفتار خواتین کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے وزیر اعظم سے بات کریں گے۔ رانا ثنا الله کا مزید کہنا تھا کہ عید کے بعد وزیر اعظم ڈاکٹر مالک سے ملیں گے اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
ہفتے کے روز کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے پر کریک ڈاؤن کر کے بی وائی سی کی رہنما ماہرنگ بلوچ سمیت سولہ کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا جس کے بعد بلوچستان سے شروع ہونے والا احتجاج پورے ملک میں پھیل گیا۔
اس کے بعد کراچی سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اہم رہنما سمی بلوچ کو چار دیگر خواتین سمیت احتجاج سے گرفتار کر لیا گیا۔
ان گرفتاریوں کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے بلوچستان بھر میں پچیس مارچ کو ہڑتال کی کال دی اور اٹھائیس مارچ کو وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ آج ان کو نواز شریف اور صدر زرداری سے امید ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں اعتماد کی فضا کو قائم کرنے کے لئے لاپتا افراد کے مسئلے کو پہلے حل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہتے ہیں تمام لاپتا افراد کو رہا کرو۔ ہم صرف یہ کہتے ہیں ان کو منظر عام پر لا کر کسی ایک جگہ رکھ دو اور جو لوگ مر چکے ہیں ان کے بارے میں بتا دو تاکہ ان کے خاندانوں کو پتا چل سکے کہ کون زندہ ہے کون نہیں۔
مسنگ پرسن کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے قانون سازی کرنا ہوگی
تاہم رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ اتنا سادہ نہیں ہے، اس میں بہت پچیدگیاں ہیں اور اس حوالے سے کئی ان کیمرہ میٹنگز ہو چکی ہیں۔ میں نے بطور وزیر داخلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی اس مسئلے کا حل بیان کیا تھا لیکن اس کے لئے کوئی تیار نہیں ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب مسنگ پرسن کا معاملہ پی ڈی ایم کے دور میں اٹھا تھا تو اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا کہ اس حوالے سے قانون سازی ہونی چاہیے کہ ہمیں بھی گرفتاری کا اختیار ہو لیکن اس بات پر ہیومن رائٹس والے شور مچا دیتے ہیں۔
رانا ثنا الله نے کہا کہ جن لوگوں نے ہتھیار اٹھائے ہوئے ہیں اور لوگوں کو قتل کرتے ہیں ان سے سے اب فاصلہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان سے ہمدردی کی گنجائش نہیں ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میری تمام جماعتوں بالخصوص تحریک انصاف سے گزارش ہے کہ بلوچستان کے حوالے سے ایک پیج پر ہوں کیونکہ جب تک تمام جماعتیں ایک نہیں ہوں گی تب تک بلوچستان میں مارا ماری نہیں رکے گی۔