۲۶ مارچ ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
کوئٹہ
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ بلوچ، سمّی دین بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف آج پانچویں روز بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی کال پر بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ ،نوشکی ، وڈھ ،ڈیرہ مراد جمالی ،پنجگور، سوراب کے علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئےگئے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ بدھ کے روز بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ 28 مارچ کو خضدار کے علاقے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ ہوگا۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بی وائی سی کے گرفتار رہنماؤں کی فوری رہائی اور جبری گمشدگیوں کے مسئلے پر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے جاری احتجاجی سلسلے کا آغاز اس وقت ہوا جب ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبرگ بلوچ اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد سول اسپتال میں رکھی گئی لاشوں کو عسکریت پسندوں کی لاشیں ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے لاپتہ افراد ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کو جھوٹے الزامات لگا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد میں انہیں مار کر دہشت گرد ظاہر کیا گیا۔
بعد ازاں، اسی رات مبینہ طور پر بیبرگ بلوچ اور ان کے بھائی کو جبری طور پر اغوا کر لیا گیا تو بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ان کی بازیابی کے لیے جمعہ کے روز کوئٹہ کے سریاب روڈ پر دھرنا دیا۔ یہ دھرنا بیبرگ بلوچ، ان کے بھائی اور قمبرانی خاندان کے آٹھ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے تھا۔ پولیس نے احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس، واٹر کینن اور ہوائی فائرنگ کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
مظاہرین نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں احتجاجی مقام پر رکھ کر احتجاج جاری رکھا، تاہم پولیس نے مزید کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت پانچ دیگر افراد کو گرفتار کر لیا اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر خفیہ طور پر دفنا دیا۔
دوسری جانب پولیس نے ماہ رنگ بلوچ اور بی وائے سی کے دیگر کارکنان کو عوامی نظم و ضبط کے قانون کے تحت ایک ماہ کے لیے کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا۔ ماہ رنگ اور انکے دیگر ساتھیوں پر کوئٹہ کے سول لائن تھانے میں پولیس کی مدعیت میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں سرکاری اسپتال پر حملہ، ریاستی معاملات میں مداخلت اور ریاست کے خلاف بغاوت جیسے الزامات شامل ہیں۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر کارکنوں کی گرفتاری پر انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شدید مذمت کی ہے۔