26 مارچ 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: اسلام آباد سے جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے سینئر صحافی وحید مراد کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ایف آئی اے کی درخواست پر ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق وحید مراد کے ایکس (ٹوئٹر) اور فیس بک اکاؤنٹس کی تفتیش کرنی ہے، کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور بلوچستان سے متعلق پوسٹس کی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وحید مراد کا موبائل فون ریکور کرنا بھی ضروری ہے۔

وحید مراد نے عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ “مجھے 20 منٹ پہلے ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے۔”

جبکہ سینئر صحافی وحید مراد کی جبری گمشدگی کے خلاف انکی ساس عابدہ نواز، جو واقعے کی عینی شاہد بھی ہیں، نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں ان کی فوری بازیابی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایچ او کراچی کمپنی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بدھ کی رات دو بجے کالی وردی میں ملبوس افراد جی-8 میں واقع ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ ان کے ہمراہ دو پولیس گاڑیاں بھی تھیں۔ نامعلوم افراد وحید مراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اور اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ وحید مراد کی معمر ساس کو بھی مبینہ طور پر دھکے دیے گئے۔ واقعے کے بعد کراچی کمپنی تھانے میں درخواست دی گئی، لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) نے سینئر صحافی وحید مراد کے اغوا پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد نے اسلام آباد میں گزشتہ رات انہیں اغوا کر لیا اور ان کی معمر ساس کو بھی مبینہ طور پر بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

“ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وحید مراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور ان کے اغوا میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔”

راولپنڈی اسلام آباد جرنلسٹس ایسوسی ایشن، اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ نے سینئر صحافی وحید مراد کے اغوا اور صحافیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صحافتی تنظیموں نے اس اقدام کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت کی خاموشی کو تشویشناک قرار دیا ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے وحید مراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صحافیوں کے تحفظ میں ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

یونین نے PECA ایکٹ 2025 کے غلط استعمال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ادارے اس قانون کو آزادی صحافت کو دبانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

وحید مراد کی وکیل ایمان مزاری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، لیکن ابھی تک اسے سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت جلد از جلد کیس کی سماعت کرے گی اور گمشدہ صحافی کی بازیابی کے احکامات جاری کرے گی۔

وحید مراد کی گمشدگی پر سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ معروف وکیل اور سماجی کارکن جبران ناصر نے کہا کہ شہریوں کو جبری طور پر غائب کرنا آسان ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگی کے واقعات میں اصل میں لاپتہ ہونے والی چیز قانون کی حکمرانی اور عدالتی جرات ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here