۲۷ مارچ ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
بدھ کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں “قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق بل 2025” پر غور کیا گیا۔ یہ بل پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک قومی ادارہ قائم کرنے کی تجویز دیتا ہے۔ بل پر حکومت اور قانون سازوں کی جانب سے بھرپور حمایت کا اظہار کیا گیا، جبکہ مختلف تجاویز پر تفصیلی بحث کی گئی۔
کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سید علی ظفر نے اجلاس میں پیش کی جانے والی تجاویز کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا، “ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ یہ قانون پاکستان کی اقلیتی برادریوں کی متنوع ضروریات کو مدنظر رکھے، اور شفافیت و انصاف کے اصولوں پر عمل پیرا ہو۔” ان کا کہنا تھا کہ آج جو قانون بنایا جائے گا، اس کے طویل مدتی اثرات ہوں گے، لہٰذا اسے حتمی شکل دینے سے پہلے جامع مشاورت ضروری ہے۔
سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کمیشن کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے روٹیشنل نظام کی تجویز دی، جس پر چیئرمین ظفر نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام صوبوں کی نمائندگی کی بنیاد پر قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی صوبے کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے بل کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہ انتہائی ضروری ہے کہ بل کو جلد از جلد منظور کیا جائے کیونکہ اس سے اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی۔”
سینیٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بل سے متعلق کئی اہم تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر پونجو بھیل نے چیئرمین کے لیے قابلیت کو مدنظر رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کے لیے امیدوار کا اعلیٰ عدالتی تجربہ ہونا چاہیے۔ “چیئرمین کوئی ایسا فرد ہونا چاہیے جو قانونی معاملات میں گہری بصیرت رکھتا ہو، اور کمیشن کی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے مدت کا تعین بھی ضروری ہے۔
سینیٹر دانش کمار نے کمیشن کے اراکین کے لیے عمر کی حد 30 سال مقرر کرنے اور صوبوں کی مساوی نمائندگی یقینی بنانے کی تجویز دی۔ ان کی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے سینیٹر گردیپ سنگھ نے کہا کہ تمام اقلیتوں بشمول سکھ برادری کو بھی کمیشن میں نمائندگی دی جانی چاہیے، تاکہ ان کے تاریخی کردار اور قربانیوں کا اعتراف ہو۔
ایم این اے اسفندیار ایم بھنڈارا نے اقلیتوں کے مذہبی حقوق کی پاسداری کے لیے علامتی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا، اسلام آباد میں سی ڈی اے کے زیر انتظام دو مندروں کو دوبارہ کھولا جائے، اس سے دنیا بھر میں پاکستان کے مذہبی آزادی کے عزم کا مثبت پیغام جائے گا۔
اجلاس میں کمیشن کی ساخت اور تقرریوں کے طریقہ کار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ فرحت اللہ بابر نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین کی تقرری ایک مشاورتی عمل کے ذریعے کی جائے نہ کہ کسی ایک فرد کے فیصلے پر، یہ عمل شفاف اور تمام فریقین کی شمولیت کے ساتھ ہونا چاہیے، انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ کمیشن کا ماڈل قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (NCHR) کی طرز پر بنایا جائے، جہاں ارکان کی تقرری پارلیمنٹ کے ذریعے کی جاتی ہے، بجائے اس کے کہ یہ اختیار صرف ایگزیکٹو کے پاس ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد نئے ارکان کی تقرری میں تاخیر سے اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، جس کے لیے ایک واضح طریقہ کار ہونا چاہیے۔ کمیشن کی کارکردگی کو فعال رکھنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد ایک رپورٹ پیش کی جانی چاہیے۔
کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں مزید تفصیلات پر غور کیا جائے گا تاکہ بل کو حتمی شکل دے کر پارلیمنٹ میں پیش کیا جا سکے