۴ اپریل ۲۰۲۵
اسلام گل آفریدی
پشاور
پشاور میں ہندو برادری کے مرد اور خواتین اکٹھے ہوکر گزشتہ روز قتل کیے گئے 56 سالہ ندیم امین کے خاندان کے ساتھ تعزیت رہے ہیں۔ مقتول کے بھائی ساگر نے بتایا کہ ان کے بھائی کو کوہاٹ روڈ پر واقع پوسٹل کالونی کے گیٹ پر تعینات پرائیوٹ سیکورٹی گارڈ مشتاق نے ان کے سامنے گولی مار کر زخمی کردیا، جنہیں علاج کے لیے ایک رشتہ دار کی مدد سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا، لیکن وہ چل بسے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم مشتاق واقعے کے بعد فرار ہوگیا
ساگر کی مدعیت میں بھانہ ماڑی پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ ان کے بھائی ندیم پوسٹ آفس میں ملازم تھے ڈیوٹی سے واپس گھر آتے ہوئے کوہاٹ روڈ پر واقع پوسٹل کالونی کے گیٹ پر تعینات پرائیوٹ سیکورٹی گارڈ مشتاق نے گولی مار کر قتل کردیا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ملزم پچھلے کئی ماہ سے ان کے بھائی پر زبردستی مسلمان ہونے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ ساگر نے بتایا کہ موت سے پہلے ندیم کافی اداس رہتا تھا لیکن انہوں نے کبھی گھر میں پریشانی کا اظہار نہیں کیا تھا، تاہم ان کے بقول چند دوستوں کو اس بارے میں پتہ تھا کہ انہیں زبردستی مذہب تبدیلی کی پریشانی کا سامنا ہے۔
اس واقعے کے بعد ہندو برادری کافی پریشان ہے۔ ہندوؤں کے مذہبی اور سماجی رہنما ہارون سرب دیال نے بتایا کہ ملک کے باق حصوں کی نسبت خیبر پختونخوا میں اقلیتی برادری کے خلاف تشدد کے واقعات بہت کم رپورٹ ہوتے تھے، تاہم پچھلے ڈھائی سال سے ان واقعات میں اضافہ دیکھا گیا جو کہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ مذہبی اقلیتوں کے مختلف شعبوں میں ان کی تعداد میں اضافہ اور پیشہ ور بدنیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتی برادری کے تحفظ کے لیے تو قوانین اور ادارے موجود ہیں، تاہم ان کی کارکردگی نہ ہونے کی وجہ سے ان لوگوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
ندیم کے خاندان کے ساتھ تعزیت کے لیے نہ صرف اقلیتی برادری کے لوگ بلکہ مسلمان بھی آ رہے ہیں۔ ان میں پچاس سالہ ریاض بھی شامل ہیں جو مال روڈ پر واقع پوسٹل کالونی میں کینٹین چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ندیم کا خاندان پچھلی تین پشتوں سے یہاں ملازمت کرتا چلا آ رہا ہے لیکن کسی کو ان سے کوئی شکایت نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ندیم کی اس بےدردی سے موت پر یقین ہی نہیں آتا۔
ندیم کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، تاہم واقعے کے بعد ان کی بیوی بار بار بےہوش ہو رہی ہیں اور کئی مرتبہ انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے بیٹے کارتک ندیم نے بتایا کہ ان کا والد نہ صرف گھر والوں بلکہ پورے خاندان اور مسلم برادری کا بڑا خیال رکھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں افطار اور محرم میں سبیل لگانا ان کا معمول تھا۔ ان کے بقول والد کے قتل کے بعد ان کا پورا خاندان اجڑ گیا ہے۔
خاندان کے لوگ ندیم کی قبر پر حاضری لگا کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم یہ سب کچھ آسان نہیں۔ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ندیم کے بھائی اوینش نے بتایا کہ اب تک کی تمام کارروائی سے وہ مطمئن ہیں لیکن ان کے خاندان کو نہ صرف انصاف بلکہ تحفظ کی ضرورت بھی ہے۔
اقلیتی برادری کے ساتھ پرتشدد واقعات کے بعد انہیں انصاف کا حصول انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ خوف کی وجہ سے متاثرہ خاندان مقدمات سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور علاقہ چھوڑ کر دوسرے مقامات پر منتقل ہو جاتے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پچھلے کئی سالوں سے ٹارگٹ کلنگ میں 18 سکھ مارے جا چکے ہیں، جبکہ نو زخمی اور پانچ فائرنگ سے محفوظ رہے ہیں۔ اب تک ان واقعات میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے، تاہم پولیس کا موقف ہے کہ ان واقعات میں دہشت گرد تنظیمیں ملوث ہیں۔ متاثرہ کچھ خاندان پشاور چھوڑ کر پنجاب کے مختلف شہروں میں قیام پذیر ہو چکے ہیں۔ تقریباً پانچ سال پہلے قبائلی ضلع اورکزئی میں ایک بم دھماکے میں تین ہندو ہلاک ہوئے تھے۔ عدم تحفظ اور مذہبی مقامات کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنے کے حوالے سے ہائی کورٹ میں دو کیس زیر سماعت ہیں۔پاکستان میں اس وقت توہین مذہب کے الزام میں 747 افراد جیلوں میں قید ہیں۔