۴ اپریل ۲۰۲۵
رپورٹ : سٹاف رپورٹ
کراچی
حکومت کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی گرفتار رہنما مہرنگ بلوچ کی رہائی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) نے مستونگ سے کوئٹہ لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ مستونگ میں موجود دھرنے کے شرکا اتوار (6 اپریل) کے روز کوئٹہ کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کا مستونگ میں لک پاس پر 6 روز سے دھرنا جاری ہے۔ گزشتہ دنوں سردار اختر مینگل کی قیادت میں بی این پی کا لانگ مارچ وڈھ سے شروع ہوا تھا، تاہم مستونگ کے مقام پر راستے بند ہونے پر وہیں دھرنا دیا گیا تھا۔
بی این پی-ایم کے دھرنے کو ختم کرنے کے لیے حکومتی نمائندوں سے تین دور میں ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے۔ جس کے بعد سردار اختر مینگل نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ اپنی تحریک کو اگلے مرحلے میں لے جاتے ہوئے 6 اپریل کو کوئٹہ کی طرف مارچ کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد حکومت پر ڈاکٹر مہرنگ بلوچ اور دیگر بی وائی سی رہنماؤں کی رہائی کے لیے دباؤ بڑھانا ہے۔
سردار اختر مینگل نے واضح کیا کہ احتجاج اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے۔ احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مینگل نے کہا کہ لاک پاس میں موجود دھرنا دے رہے کارکن اتوار کو کوئٹہ کی طرف لانگ مارچ کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے تمام پارٹی کارکنوں، خاص طور پر جو اب تک دھرنے میں شامل نہیں ہوئے، سے اپیل کی کہ وہ 5 اپریل تک لاک پاس پہنچ کر لانگ مارچ کی تیاریوں میں حصہ لیں۔
’ہم راستہ خود بنائیں گے‘
مینگل نے کہا، “پارٹی کارکنوں کو ہر اس مقام پر دھرنا دینا چاہیے جہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں روکیں۔ اگر حکومت نے ہمارا راستہ نہیں کھولا، تو ہم خود راستہ بنائیں گے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مارچ کو روکنے کی کوششیں کی گئیں، تو اس کے نتائج کی ذمہ داری مکمل طور پر حکومت پر عائد ہوگی۔
ادھر، بی این پی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ حکومت لانگ مارچ کو روکنے کے لیے کوئٹہ-کراچی ہائی وے پر خندقیں کھود رہی ہے۔ لک پاس پر دھرنے کے باعث کراچی-کوئٹہ اور تفتان شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے۔ جمعرات کو تحریک انصاف کا وفد بی این پی کے دھرنے میں پہنچا جس میں سلمان اکرم راجا، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر صوبائی رہنما شامل تھے۔
جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ گہرام بگٹی کو حراست میں لے لیا گیا
دوسری جانب، جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ گہرام بگٹی کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ گہرام بگٹی کو بگٹی ہاؤس ڈیرہ بگٹی سے حراست میں لیا گیا۔ ایس ایس پی ڈیرہ بگٹی کا کہنا ہے کہ گہرام بگٹی کو 30 روز کے لیے جیل منتقل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نوابزادہ گہرام بگٹی نے بلوچستان حکومت کے خلاف جمعے کے روز لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا تھا۔
’’بلوچستان کے وسائل پر عوام کا حق سلب نہیں ہونے دینگے‘‘
اس سے قبل، تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے رہنماؤں نے کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر صوبے کے عوام کا جائز حق ہے اور وفاقی حکومت کو ان کے حقوق سلب کرنے کا اختیار نہیں۔ یہ بات سابق سینیٹر نوابزادہ لشکری رئیسانی اور دیگر ٹی ٹی اے پی رہنماؤں، بشمول صاحبزادہ حامد رضا، لطیف کھوسہ، علامہ راجہ ناصر اور عبدالرحیم زیارتوال، نے جمعرات کو سراوان ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
انہوں نے بلوچستان میں ریاستی فوجی آپریشنز کی تاریخ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات سے نکالا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں محرومی کا احساس اب غلامی کی نفسیاتی کیفیت میں بدل چکا ہے۔
ٹی ٹی اے پی کے رہنماؤں نے سیاسی تضادات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’8 فروری کے انتخابات میں 180 نشستیں جیتنے والے رہنما جیل میں ہیں، جبکہ صرف 17 نشستیں لینے والا شخص وزیراعظم بنا بیٹھا ہے۔ یہ کھلی ناانصافی ہے۔‘‘