۴ اپریل ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
خیبرپختونخوا حکومت نے تمام سرکاری جامعات میں اینٹی ہراسمنٹ قوانین کے سختی سے نفاذ کے لیے 10 روز کی ڈیڈلائن جاری کر دی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تمام جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہراسمنٹ کے خلاف موجودہ قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، طلبہ اور عملے کے لیے مؤثر شکایتی نظام متعارف کرائیں اور ایک خاتون فوکل پرسن تعینات کریں۔
وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام جامعات کو اینٹی ہراسمنٹ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ اگر جامعات 10 روز کے اندر ہدایت پر عمل نہ کریں تو ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہراسمنٹ کے خاتمے کے لیے ایک جامع پالیسی پر عمل کرنا ہوگا، جس میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے شکایات درج کروانے کا ایک واضح اور شفاف طریقہ کار شامل ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ہر یونیورسٹی میں ایک باقاعدہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کا قیام اور ایک فوکل پرسن (جس میں کم از کم ایک خاتون شامل ہو) کی تعیناتی بھی لازم قرار دی گئی ہے۔ مزید برآں، کمیٹی کے تمام ارکان کو ضروری تربیت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ شکایات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے سکیں۔
فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز کے جنرل سیکریٹری اور یونیورسٹی آف پشاور کے لیکچرر ڈاکٹر محمد عزیر نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تقریباً تمام جامعات میں پہلے سے ہی اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں موجود ہیں جن میں مرد و خواتین اساتذہ کے علاوہ طلبہ کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مالاکنڈ اور مردان یونیورسٹی میں مبینہ ہراسمنٹ واقعات سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حکومت نے اس معاملے پر توجہ دی ہے، حالانکہ پہلے سے ہی قوانین موجود تھے۔ ان کے مطابق حکومت کا اس معاملے پر سختی سے عملدرآمد کرانا ایک خوش آئند اقدام ہے اور ایسے واقعات کو سنجیدگی سے نمٹانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف پشاور میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی پہلے سے موجود ہے جو شکایات کی رازداری کو برقرار رکھتے ہوئے تحقیقات کرتی ہے اور وائس چانسلر کو رپورٹ جمع کرواتی ہے، جس پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
دوسری جانب اسلامی جمعیت طلبہ کے پشاور یونیورسٹی کیمپس کے طلبہ لیڈر نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی کہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی میں طلبہ کو شامل کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق کمیٹی غیر فعال ہے اور جب بھی کوئی کیس اس کے سامنے پیش کیا جاتا ہے تو اسے دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی کے کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ میں پیش آئے ہراسگی کے ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پہلے کمیٹی نے کیس دبانے کی کوشش کی، بعد ازاں جب طلبہ نے دباؤ ڈالا تو متعلقہ لیکچرر کو صرف ایک دوسرے ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام جامعات میں نوٹیفکیشن کے مطابق ہراسمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور غیر فعال کمیٹیوں کو ختم کرکے فعال کمیٹیاں بنائی جائیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو ایک محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ تمام یونیورسٹیاں ایک آن لائن رپورٹنگ سسٹم بھی متعارف کرائیں، جہاں طلبہ اور اساتذہ بغیر کسی خوف کے شکایات درج کروا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تمام جامعات مقررہ وقت میں ان ہدایات پر عمل کر رہی ہیں، ایک گوگل فارم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس میں تمام جامعات اپنی رپورٹ جمع کروائیں گی۔ جو ادارے اس ڈیڈلائن پر عملدرآمد میں ناکام رہیں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جامعات کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ 10 روز کے اندر اینٹی ہراسمنٹ قوانین پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرائیں، جس میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے واضح شکایتی طریقہ کار، تحقیقاتی کمیٹیوں کی تشکیل اور فوکل پرسنز کی تعیناتی شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ، عدم تعمیل کی صورت میں متعلقہ ادارے اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔