۷ اپریل ۲۰۲۵

رپورٹ : محمد خورشید


مانسہرہ

مانسہرہ کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع جابہ کے علاقے میں غیرت کے نام پر ایک افسوسناک واقعے میں ماں رابعہ اور اس کی سولہ ماہ کی بیٹی عائزہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ واقعے کی وجہ رابعہ کی پسند کی شادی بتائی جا رہی ہے۔ مقتولہ کے سسر منور خان کے مطابق ان کے بیٹے عمر نے، جو اس وقت سعودی عرب کے شہر تبوک میں محنت مزدوری کر رہے ہیں، رابعہ سے پسند کی شادی کی تھی۔

منور خان نے وائس پی کے کو بتایا کہ جمعے کے روز جب وہ نماز کے لیے مسجد گئے ہوئے تھے تو پانچ مسلح افراد، جن میں رابعہ کے چچا بھی شامل تھے، گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں رابعہ اور اس کی کمسن بچی جان کی بازی ہار گئیں۔

مقامی سماجی کارکنوں سردار شہزاد حیدر اور رجب علی نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ رابعہ ملزمان کے سامنے ہاتھ جوڑتی رہی کہ اسے مار دیا جائے لیکن اس کی معصوم بچی کو چھوڑ دیا جائے، تاہم حملہ آوروں نے دونوں کو قتل کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

مقامی صحافی فرید چوہدری نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ رابعہ کی میت ملزمان کے گھر والوں کو سونپنا پڑی تاکہ مزید خونریزی سے بچا جا سکے، جب کہ بچی کی تدفین دادا نے خود کی۔

آخری اطلاعات کے مطابق عوامی احتجاج کے بعد پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر درج کی گئی ایف آئی آر میں غیرت کے نام پر قتل کی دفعات شامل نہیں تھیں، تاہم بعد میں درج کی گئی نئی ایف آئی آر میں یہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ قانون کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کی دفعات شامل ہونے کے بعد مقدمے میں صلح نہیں ہو سکتی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here