14 اپریل 2025
تحریر
اسلام گل
خیبر: نویں جماعت کے طالب علم محمد آیاز کے لئے یہ صبح بھی دوسرے دنوں سے کچھ زیادہ مختلف نہیں۔ پانی کے نلکے میں لگے پلاسٹک پائپ سے منہ ہاتھ دھو کر اپنے عارضی قیام کی طرف جا رہا ہے جہاں پر وہ کل پشاور تعلیمی بورڈ کے کیمسٹری پیپر کی تیاری شروع کر سکے۔ یہ کوئی ہاسٹل نہیں بلکہ ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں گورنمنٹ ہائی سکول توت ڈھنڈ ہے جہاں پر وادی تیراہ کے جماعت نہم اور دہم کے اسی طالب علم عارضی قیام پذیر ہیں۔ محمد آیاز نے بتایا کہ وہ سات اپریل کو یہاں پر آئے لیکن یہاں پر دن یا رات گزارنے کے لئے کچھ سہولت موجود نہیں تھی، لیکن یہاں پر مقامی لوگوں نے پینے کے پانی سے لیکر کھانا اور رہائش کا انتظام کر لیا۔
پشاور بورڈ کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات آٹھ اپریل سے شروع ہو چکے ہیں تاہم بدامنی کی وجہ سے ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے وادی تیراہ میں امتحانی ہال قائم نہیں ہو سکے۔ اس وجہ سے 530 طلبہ باڑہ آئے ہیں۔ ان کی رہائش کے لئے حکومت نے سرکاری سکولوں میں انتظامات کے دعوے کئے تاہم اس کے باوجود بھی طلبہ درپیش مسائل کی شکایتیں کر رہے ہیں۔ وادی تیراہ کے نصیر بھی، جو جماعت نہم کا طالب علم ہے، دیگر اسی ساتھیوں کے ساتھ سکول میں قیام پذیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کی سہولت نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ ایک طرف گرمی جبکہ دوسری طرف رات کو مطالعہ بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ اپنے تین ساتھیوں کی ڈیوٹی لگائی جاتی ہے تاکہ وہ صبح کا ناشتہ اور دو وقت کا کھانا تیار کر سکیں۔ ان کے بقول گاؤں کے لوگ بھی کھانا لاتے ہیں لیکن وہ ناکافی ہوتا ہے۔
مقامی حکومت کے ایک نمائندہ ہارون خان ان طالب علموں کے لئے شروع کے دن سے ہی سہولیات مہیا کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کے بقول مقامی لوگ کھانے اور دیگر سہولیات مہیا کرنے میں مدد کر رہے ہیں جبکہ علاقے کے کچھ مخیر حضرات بھی اس میں پیش پیش ہیں۔ ان کے بقول اب تک منتخب نمائندوں نے ان کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رات کو مطالعے کے لئے لائٹ کا انتظام آج کر دیا جائے گا۔
نہم اور دہم کے امتحانات آٹھ مئی تک جاری رہیں گے۔ سوشل میڈیا پر علاقے کے منتخب عوامی نمائندے اور محکمہ تعلیم کے حکام عارضی طور پر قیام پذیر وادی تیراہ کے طلباء کو ہر ممکن سہولت دینے کے دعوے کر رہے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ تیراہ سے بے گھر تمام طلبہ و طالبات کے لئے اشیائے خوردونوش فراہم کر دی ہیں۔ رابطے پر ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے کہا کہ وادی تیراہ کے طلبہ کو درپیش مسائل جلد حل کریں گے اور اس سلسلے میں علاقے میں موجود نمائندوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ ضروریات کے حوالے سے جلد معلومات اکٹھا کر کے سامنے لائیں تاکہ سرکاری سطح پر ان کے حل کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر متعلقہ حکام اس کو حل نہیں کرتے تو ہم اپنے “مدد آپ” کے تحت حل کریں گے۔ تاخیر کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ایک تو اسمبلی اجلاس میں مصروفیات تھیں جبکہ دوسری جانب سے اس حوالے سے کسی نے کوئی رابطہ یا معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے بتایا کہ جب پتہ چلا کہ علاقائی صورتحال کی بناء پر وادی تیراہ میں رواں سال میٹرک کے امتحانات ممکن نہیں تو تمام طلبہ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لئے باڑہ میں تمام انتظامات کر لیے گئے اور محکمہ تعلیم کی مدد سے ان کی تمام ضروریات فراہم کر دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے باوجود بھی کہیں پر مسائل موجود ہیں تو انہیں فوری طور پر حل کیا جائے گا۔
تیراہ سے آئے ہوئے طلباء نے بتایا کہ علاقے میں جاری بدامنی کی وجہ سے تین سے چار ماہ تک وہ سکولوں میں پڑھائی کے لئے نہیں گئے جبکہ بہت سے ایسے ساتھی بھی ہیں جو مسائل کی بناء پر امتحان نہ دے سکے۔ وادی تیراہ کی ڈھائی سے تین لاکھ آبادی کے لئے ایک گورنمنٹ ہائی سکول ورسک ہے جبکہ بیس سے زیادہ نجی مڈل اور ہائی سکول علاقے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
پسماندہ وادی تیراہ میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لئے مقامی عمائدین اور متعلقہ حکام کے درمیان بات چیت کے کئی دور ہو چکے ہیں تاہم علاقے میں مستقل قیام امن کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور مسلح افراد ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب عام لوگوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔