14 اپریل 2025
سٹاف رپورٹ
ایف آئی اے نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس کے پاس فی الحال فرحت الله بابر کے حوالے سے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں لیکن انہوں نے فرحت الله بابر سے ان کے اثاثوں اور دیگر مالی معاملات کی تفصیلات مانگی ہیں اور جب وہ سب چیزیں جمع کروا دیں گے تو اس کے بعد ہی دیکھا جائے گا کہ ان کے خلاف کس جرم کے تحت کوئی مقدمہ بن سکتا ہے۔
ایف آئی اے کے کرپشن ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سینٹر فرحت الله بابر کے خلاف اختیارات کے غلط استمعال، نا جائز دولت جمع کرنے، منی لانڈرنگ، اثاثے چھپانے اور کم ٹیکس دینے کے الزامات کے حوالے سے چھان بین کر رہے ہیں۔
جب ڈپٹی ڈائریکٹر سے سوال کیا گیا کہ فرحت الله بابر سے متعلق انکوائری کس دور سے متعلق ہو رہی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ انکوائری ان کی سینیٹر شپ کے دور سے متعلق ہے جس میں یہ دیکھا جائے گا کہ بطور سینیٹر کیا انہوں نے مالی بدعنوانی کی ہے؟
واضح رہے کہ ایف آئی اے یہ انکوائری ایک پرائیویٹ شخص کی شکایت پر کر رہا ہے۔
لیکن فرحت الله بابر کے بار بار مانگنے کے باوجود ایف آئی اے نے ابھی تک ان کو پرائیویٹ شخص کی جانب سے دائر شکایت کی کاپی اور ان کے خلاف عائد کئے گئے الزمات کے حوالے سے کوئی دستاویز مہیا نہیں کئے۔
‘جو سوالنامہ بھیجا ہے وہ ہی شکایت ہے’
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ جو سوالنامہ انہوں نے بھیجا ہے وہ ہی اصل میں شکایات ہیں۔
تاہم جب سوال کیا گیا کہ اس سوال نامے میں تو صرف فرحت الله بابر سے ان کے اثاثوں، ٹیکس ریٹرنز، سورس آف انکم سے متعلق عمومی معلومات مانگی گئی ہیں اور مبینہ بدعنوانی سے متعلق کوئی واضح الزام درج ہی نہیں ہے۔ اس پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ’’بس یہ ہی الزامات ہوتے ہیں ہم ان کو اب کیس کی فائل تو نہیں دے سکتے نا‘‘۔
‘ہم فرحت الله ابابر کی پچھلے پندرہ سال کے ٹیکس ریٹرنز کا جائزہ لینا چاہتے ہیں’
اور جب ان سے مزید پوچھا گیا کہ انکم ٹیکس کے قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تحت تو صرف پچھلے پانچ سال تک کے ٹیکس ریٹرنز کا ہی جائزہ لیا جا سکتا ہے تو پھر ایف آئی اے کیوں فرحت الله بابر سے غیر معینہ مدت تک کی ٹیکس معلومات مانگ رہا ہے؟ تو ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کے خلاف کوئی فوجداری تحقیقات کرنی ہوں تو پھر پانچ سال سے پہلے کے ٹیکس ریٹرنز کا جائزہ بھی لیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اےکا کہنا تھا کہ وہ فرحت الله بابر سے کم از کم پچھلے پندرہ سالوں کے ٹیکس ریٹرنز اور اثاثوں کی تفصیلات لینا چاہتے ہیں تاکہ دیکھا جا سکے کہ ان کے مالی معاملات کیسے رہے ہیں۔
‘ایف آئی اے میرے خلاف فشنگ ایکسپڈیشن کر رہی ہے’
فرحت الله بابر نے ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ کی جانب سے ان کے خلاف جاری انکوائری کو ‘فشنگ آیکسپیڈشن’ قرار دیا ہے۔
یعنی ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن ایف آئی اے ان سے بہت ساری معلومات اکھٹی کر کے ان کو کسی جرم میں ملوث کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق اس عمل کو سپریم کورٹ کئی دفعہ غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون کے مطابق قاضی فائز عیسی کے خلاف کیس میں سپریم کورٹ یہ قرار دے چکی ہے کہ پانچ سال سے پچھلے ٹیکس ریٹرنز کا جائزہ لینے کے لئے ضروری ہے کہ زیر تفتیش شخص کے خلاف کوئی مضبوط ثبوت موجود ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ثبوت حاصل کرنے کے لئے ٹیکس ریٹرنز کا جائزہ لینا بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے اور ایسے نوٹسز کو عام طور پر ہائی کورٹس ہی معطل کر دیتی ہیں۔