15 اپریل 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں 28 دن سے لاپتہ صحافی احمد نورانی کے دو بھائیوں کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اب تک کی پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈوکیٹ ایمان زینب مزاری، ایڈوکیٹ ہادی علی چٹھہ، لاپتہ بھائیوں کی والدہ اور بہن سمیت آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے موقف اپنایا کہ پولیس اغوا کاروں کی معاونت کر رہی ہے اور صرف ایف آئی آر درج کر کے جان چھڑا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اغوا کاروں نے قبضے میں لے لی ہے اور اہل علاقہ کو ڈرایا گیا ہےکہ وہ فوٹیج خاندان کو نہ دیں۔

آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ نون میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور چونکہ کیس میں مختلف صوبے شامل ہو گئے ہیں، اس لیے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) بنانے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی جیلوں و ہیلتھ مراکز سے رپورٹس آچکی ہیں، لیکن لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں موبائل ایکٹیویٹی ملی تھی اور پنجاب پولیس کے چار افسران اسلام آباد پولیس سے رابطے میں ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کال ڈیٹا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا کیا بنا؟ جس پر آئی جی نے بتایا کہ ایک JIT بھی تشکیل دی گئی ہے، اور وزارت داخلہ کو باضابطہ طور پر لکھا گیا ہے۔

 جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ ’رپورٹس رپورٹس نہیں میں نے کہا تھا کنکریٹ رپورٹ بتائیں‘۔ انہوں نے آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ “یہ اسلام آباد کا واقعہ ہے، آپ کیا کر رہے ہیں؟”

ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے عدالت سے استدعا کی کہ دونوں لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کا حکم جاری کیا جائے اور کہا کہ اگر کسی بااثر شخص کے بچے ہوتے تو یہ رویہ نہ اپنایا جاتا۔ عدالت کے روبرو والدہ نے جذباتی انداز میں کہا، “میرے بیٹے کوئی بلی کے بچے نہیں ہیں، اگر کسی بڑے کے بچے ہوتے تو سب کچھ ہل جاتا۔”

عدالت نے ریمارکس دیے کہ “آپ نے ایف آئی آر درج کرا دی ہے، میں ابھی فیصلہ نہیں کر رہا۔ رپورٹس کا جائزہ لےکر تاریخ دوں گا۔

عدالت کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکم نامے میں جاری کرےگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here