۱۵ اپریل ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم ، بشارت خان
لاہور
بلوچستان ہائیکورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ قائم مقام چیف جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس محمد عامر رانا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سنایا۔
درخواست ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور عمران بلوچ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے 10 اپریل کو فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔
دس اپریل کو ہونے والی سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ، علی احمد کرد ایڈووکیٹ، ساجد ترین ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا پیش ہوئے۔ وکلا نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے، جسے عدالت فوری طور پر کالعدم قرار دے۔
دورانِ سماعت ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان عدنان بشارت نے اعتراض اٹھایا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت ایسی درخواست کے ساتھ حلفیہ بیان جمع کرانا ضروری ہوتا ہے، جو اس درخواست کے ساتھ موجود نہیں تھا۔ عدالت نے وکلا کی استدعا پر کچھ دیر کے لیے سماعت ملتوی کی، بعد ازاں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا حلفیہ بیان عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے درخواست پر مختلف اعتراضات اٹھاتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ اسے مسترد کر دیا جائے۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی گئی۔
فیصلے کے مطابق نادیہ بلوچ بنام گورنمنٹ آف بلوچستان کیس میں عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار سب سے پہلے اپنی شکایات وزارتِ داخلہ کے سامنے پیش کریں۔ اسی بنیاد پر کیس کو نمٹا دیا گیا۔
فیصلے کے بعد سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی نظر بندی کے خاتمے میں صرف پانچ سے چھ دن باقی رہ گئے ہیں، اور ایسے موقع پر عدالت کا کیس صوبائی وزارتِ داخلہ کو بھیج دینا انصاف میں تاخیر کے مترادف ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر معاملہ وزارتِ داخلہ ہی کو بھیجنا تھا تو یہ کام پہلے دن ہی کیا جا سکتا تھا۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ سے جب پوچھا گیا کہ کیا اس نوعیت کے فیصلوں کی کوئی مثال موجود ہے تو اُنہوں نے کہا کہ نظر بندی اور اس نوعیت کے مقدمات بنیادی شہری آزادیوں سے متعلق ہوتے ہیں، اور عدالتیں عموماً ایسے معاملات میں شہری حقوق کو ترجیح دیتی ہیں، لیکن بدقسمتی سے اس کیس میں ایسا نہیں کیا گیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ابھی عدالت کا تحریری فیصلہ موصول نہیں ہوا، جیسے ہی تفصیلی فیصلہ ملے گا، آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
قانون دان اور انسانی حقوق کی کارکن ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کیس کے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا کہ آئینی عدالت نے ایگزیکٹو آرڈر برقرار رکھ کر اپنی آئینی ذمہ داری سے مکمل طور پر دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو اُس ایگزیکٹو کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا، جس نے بددیانتی کے ساتھ انہیں اور دیگر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے رکھا ہے، عدالت کی آئینی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی کے مترادف ہے۔ ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ عدالت کو چاہیے تھا کہ ایم پی او آرڈر کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی فوری رہائی کے احکامات جاری کرتی، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو 22 مارچ 2025 کو 3 ایم پی او کے تحت کوئٹہ جیل میں نظر بند کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری پر بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کی اور ، عدالتی فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا
بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی رہنماء ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے معاملے پر ان کی ہمشیرہ نادیہ بلوچ، وکیل عمران ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی۔
نادیہ بلوچ نے کہا کہ 22 مارچ کو ماہ رنگ بلوچ اور دیگر کارکنوں کو حراست میں لیا گیا اور انہیں تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، تاہم قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ ڈپٹی کمشنر کا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر خارج کیا جائے، مگر عدالت نے یہ درخواست نمٹا کر محکمہ داخلہ کو بھیج دی۔
نادیہ بلوچ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا راستہ بھی بند کردیا گیا ہے اور جان بوجھ کر انصاف سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غیر قانونی اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس حوالے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔