16 اپریل 2025
سٹاف رپورٹ
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر براۓ دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے لاپتا افراد کا مسئلہ ایک انٹری پوائنٹ بن سکتا ہے، انہوں نے تجویز دی کہ اس مسئلے کے حل کے لئے بلوچستان یا وفاقی حکومت کو قانون سازی کر کے اس عمل کے ذمے داروں کو کچھ حد تک ایمنسٹی بھی دینی ہوگی تاکہ وہ اس سارے معاملے کو شفافیت سے عدالت کے سامنے رکھیں۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بندوقیں اٹھائی ہوئی ہیں ان سے بات چیت نہیں ہو سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں صرف لاپتا افراد کی لاشیں نہیں آتیں بلکہ وہاں سے پنجابیوں کی لاشیں بھی آتی ہیں۔
پروگرام میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے بقا کا مسئلہ بن چکا ہے اور اگر اس کو قانون کے ذریعے حل کیا جاتا ہے تو لوگ آپ کے ساتھ جڑ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کی بازیابی سے وہ لوگ بے نقاب ہو جائیں گے جو بندوق اٹھا کر پہاڑوں پر چلے گئے ہیں لیکن لوگ ان کو لاپتا افراد میں شامل کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کے مسئلے کو عدلیہ کو قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے مطابق حل کرنا چاہیے۔ کہیں یہ نہ ہو کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ قانون سے بالاتر ہو کر اس مسئلے کو ڈیل کرے ورنہ یہ مسئلہ کبھی حل نہیں ہو سکے گا۔
پروگرام میں لاپتا افراد کے مسئلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگوں اور وفاق کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ بہت زیادہ سختی اور بہت زیادہ نرمی بھی اچھی نہیں رہتی لیکن جو ماہرنگ بلوچ کےساتھ اسلام آباد میں ہوا، وہ غلط تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کی فیملیز کو بتانا چاہیے کہ ان کا عزیز کسی وجہ سے زیر تفتیش ہے اور کس ادارے کی تحویل میں ہے اور اگر ایسا نہیں ہوگا تو یہ مسئلہ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ اگر جعفر ایکسپریس میں مرنے والے دہشتگرد مسنگ پرسنز تھے تو حکومت کو چاہیے کہ ان کی شناخت کر کے ان کے رشتےداروں کو بےنقاب کرے۔
خرم دستگیر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سارے مسنگ پرسنز وکٹمز نہیں ہیں ان میں سے کچھ دہشتگرد ہیں، کچھ افغانستان میں اور کچھ اصل میں مسنگ ہیں۔ اب وقت ہے کہ اس مسئلے کو حتمی طور پر حل کیا جائے لیکن جو لوگ دہشتگردی کر رہے ہیں، وہ حقوق کی جنگ نہیں لڑ رہے۔
بلوچستان میں ملٹری آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ملٹری آپریشن سے چھ مہینے تک امن تو آ سکتا ہے لیکن ریاست کو چاہیے کہ امن پسند لوگوں کو اپنے قریب کریں کیوں کہ فوج کو بھی عوامی سپورٹ چاہئے ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے معاملات کے حوالے سے ایک ‘ہارڈ اپروچ’ بھی درست ہے لیکن لاپتا افراد کے مسئلے کے حل کے لیے تمام جماعتوں کو بیٹھ کر مختصر اور طویل مدتی طریقہ کار طے کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسئلے کا لونگ ٹرم حل یہ ہی ہے کہ بلوچ عوام کو ان کے وسائل پر حق دیا جائے۔